وزیر آباد میں چھاپہ گیس چوری پر ایک کروڑ 15 لاکھ جرمانہ

الہ آباد میں ایک ماہ کے دوران بجلی چوروں کے خلاف324 ایف آئی آرز درج کی گئیں


Numainda Express August 13, 2013
الہ آباد میں ایک ماہ کے دوران بجلی چوروں کے خلاف324 ایف آئی آرز درج کی گئیں. فوٹو: فائل

خصوصی ٹاسک فورس اور سوئی گیس کی مشترکہ ٹیموں نے وزیر آباد میں چھاپہ مارکر گیس چوری پکڑلی ہے۔

کارروائی پر فیکٹری مالک فرار ہوگیا تاہم محکمہ سوئی ناردرن گیس نے اسے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔ جنرل منیجر سوئی گیس محمد پرویز نے بتایا کہ گزشتہ ماہ سوئی گیس ٹیموں اور ٹاسک فورس نے21 کروڑ 47 لاکھ گیس چوری پکڑی، 32 ایسے صارفین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جو کمرشل میٹر سے انڈسٹری چلا رہے تھے جن کو لاکھوں روپے کے جرمانے بھی کیے ہیں۔ دوسری طرف ایس ڈی او لیسکو الہ آباد سردار تجمل حسین ڈوگر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک ماہ کے دوران بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون میں324 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور ایک ماہ میں51 لاکھ کے قریب بل ڈالے گئے۔



حیدرآباد سندھ میں حیسکو انتظامیہ نے عید کی تعطیلات کے فوری بعد بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف دوبارہ گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، سینکڑوں غیر قانونی بجلی کے کنکشن کاٹ کر متعدد افراد کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرادیے گئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ انجنیئر آپریشن سرکل ون حیدرآباد ملک امتیاز کی سربراہی میں حیسکو اور ایف آئی اے کی مشترکہ ٹیموں نے پولیس کے ساتھ حیدرآباد کے علاقوں حسین آباد میں 73، کوٹری روڈ کچی آبادی میں160، میر حسن آباد میں 89 اور گدو چوک میں 123 سمیت مجموعی طور پر 445 غیر قانونی بجلی کے کنکشن منقطع کر کے جرمانے عائد کئے۔ ملک امتیاز نے کہا کہ ہماری کارروائیوں کے باعث لائن لاسز میںکمی ہورہی ہے۔اس دوران لاہور میں ایف آئی اے اور لیسکو کی مشترکہ ٹیم نے گزشتہ رات بیگم کوٹ شاہدرہ میں دو بیکریوں پر چھاپہ مار کر بجلی چوری کرنے والے 2ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔