پرویز مشرف کو ناکردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے ڈاکٹر امجد

حکومت نے سابق صدر سے ملاقات پر پابندی لگا دی، کیسز اکتوبر1999 سے شروع کیے جائیں


Numainda Express August 13, 2013
حکومت نے سابق صدر سے ملاقات پر پابندی لگا دی، کیسز اکتوبر1999 سے شروع کیے جائیں فوٹو: وکی پیڈیا/فائل

KARACHI: آل پاکستان مسلم لیگ( اے پی ایم ایل) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جا رہی ہے وہ تمام مقدمات کا باہمت طریقے سے سامنا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ابھی تک ان پر کسی کیس میں فردجرم عائد نہیں کی جا سکی ہے ان کیخلاف مقدمات میں مشاورت اور انکے شریک کار لوگوں کو بھی شامل کیا جائے جبکہ ان پر کیسز 3 نومبر 2007 کے بجائے اکتوبر1999 سے شروع کیے جائیں۔پیر کوپرویز مشرف کی70 ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر امجد نے کہا کہ پرویز مشرف کے ساتھ ٹھیک سلوک نہیں کیا جا رہا، موجودہ حکومت کے آنے کے بعد ان کے ساتھ ملاقات پر پابندی لگا دی گئی ہے ،سیاسی لوگوں اور پارٹی کارکنوں سے بھی ملنے نہیں دیا جا رہا۔

انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ملک بھر سے امیدوار کھڑے کرے گی۔ بلدیاتی نظام مشرف نے دیا تھا ہم اس کی مکمل بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملک میں بے شمار کیسز زیر التوا ہیں جبکہ مشرف کے خلاف کیسز کو طول دیا جا رہا ہے تاکہ وہ حکومت کے ساتھ ڈیل کیلیے آمادہ ہوجائیں۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس اور ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ 2 کیسوں میں ضمانت ہو چکی ہے اور مشرف کو جھوٹے الزامات میں پھنسایا جا رہا ہے۔