راولپنڈی میں زہریلی چائے پینے سے ماں اور بیٹا جاں بحق باپ اور دو بچوں کی حالت نازک

متاثرہ افراد نے اجتماعی خودکشی کی، وقوعہ سے زہر کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں، پولیس تھانہ سٹی


ویب ڈیسک March 30, 2019
زیرعلاج افراد کی ابتدائی رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ سب نے چائے پی تھی، پولیس. فوٹو:فائل

تھانہ سٹی کی حدود میں مبینہ طور پر زہریلی چائے پینے والے خاندان میں ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے، جب کہ بچوں کا باپ اور مزید 2 بچے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیئے گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال پہنچتے ہی 8 سالہ بچہ ابراہیم دم توڑ گیا جب کہ جاں بحق ہونے والے بچے کے والد، والدہ اور بہن بھائی کی جان بچانے کی کوشش کی گئی تاہم کچھ دیر بعد ہی والدہ رقیہ بھی دم توڑ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق اسپتال منتقل کئے گئے افراد میں وسیم، اس کی زوجہ رقیہ، 13 سالہ بیٹا رحم، 10 سالہ بیٹی جویریہ اور 8 سالہ بیٹا ابراہیم شامل ہیں، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور زہر خوانی کی وجہ سے رقیہ اور اس کا بیٹا ابراہیم جاں بحق ہوچکے ہیں، جب کہ دیگر افراد کی حالت نازک ہے جن کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مرنے والوں اور تشویشناک حالت میں زیرعلاج افراد کی ابتدائی رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ سب نے زہریلی چائے پی اور مبینہ طور پر تمام افراد نے اجتماعی خودکشی کی، جب کہ جائے وقوعہ سے زہر کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

متاثرہ خاندان کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جب کہ فرانزک لیپ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ وسیم کا غریب خاندان برطانیہ میں مقیم خاندان کی دیکھ بھال کے لئے اس گھر میں رہتا تھا۔

مقبول خبریں