ترسیلا ت زر165 فیصد بڑھ کر ریکارڈ1ارب40کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں

جولائی میں سعودی عرب سے 41 کروڑ، عرب امارات 25 کروڑاور امریکا 23سے کروڑ لاکھ ڈالر ملے۔


Business Reporter August 13, 2013
پاکستانیوں نے ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر وطن بھیجے، بیشتر ملکوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، اسٹیٹ بینک فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2013 کے دوران ریکارڈ1ارب 40کروڑ 43لاکھ90ہزار ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی گئیں۔

جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں بھیجے گئے 1 ارب 20کروڑ 47لاکھ10ہزار ڈالر کے مقابلے میں 16.57 فیصد یا 19کروڑ 96 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے متاثر کن نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ قبل ازیں کسی ایک ماہ میں ترسیلات کا ریکارڈ اکتوبر2012 کا تھا جب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 1ارب 36 کروڑ51 لاکھ ڈالر وطن بھیجے تھے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ بیشتر ملکوں سے موصول ہونے والی ترسیلات زر میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

جولائی 2013 کے دوران سعودی عرب سے 41کروڑ 7لاکھ 30 ہزار ڈالر، متحدہ عرب امارات25کروڑ 24 لاکھ 10 ہزار ڈالر، امریکا23کروڑ 30لاکھ 60 ہزار ڈالر، برطانیہ 22کروڑ 19لاکھ 30 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان) 16 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار ڈالر اور یورپی یونین کے ممالک سے 3کروڑ 85لاکھ 90 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن آئیں۔



جبکہ جولائی 2012 میں سعودی عرب سے 34 کروڑ 96لاکھ 60 ہزارڈالر، متحدہ عرب امارات 24 کروڑ 5لاکھ 40ہزار ڈالر، امریکا سے 21کروڑ 53 لاکھ ڈالر، برطانیہ 14 کروڑ 84 لاکھ 90 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر اور سلطنت عمان) 14کروڑ 3لاکھ 60 ہزار ڈالر اور یورپی یونین کے ممالک سے 3 کروڑ 8 لاکھ 30ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2013 کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے 8کروڑ 62لاکھ 30ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ جولائی 2012میں 7کروڑ 95 لاکھ 30 ہزار ڈالر بھیجے گئے تھے۔ یاد رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستان نے مالی سال 2012-13 میں 13 ارب92 کروڑ ڈالر وطن بھیجے تھے جو ایک ریکارڈ ہے۔