کراچی اسٹاک مارکیٹ تیزی کا تسلسل مزید175پوائنٹس کا اضافہ

کاروبار کامثبت زون میں آغاز،بینکنگ،گیس،سیمنٹ اورتوانائی کے شعبے میں خریداری، انڈیکس 23613 پوائنٹس پر پہنچ گیا


Business Reporter August 13, 2013
216 کمپنیوں کی قیمتوں، مارکیٹ سرمائے میں 50 ارب روپے کا اضافہ، کاروباری حجم 20 فیصد زائد، 29.9 کروڑ حصص کے سودے فوٹو: فائل

SIALKOT: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز منگل کوبھی تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 175پوائنٹس اضافے سے 23600 پوائنٹس کی سطح عبور کرکے 23613.20 پوائنٹس پر بند ہوا۔

تیزی کے باعث کاروباری حجم پیر کی نسبت 5 کروڑ شیئرز زائد رہا جبکہ ٹریڈنگ ویلیو9ارب روپے سے بڑھ کر11ارب روپے تک جا پہنچی، 100 انڈیکس دو نفسیاتی حدوں 23500 اور 23600 کو عبور کر گیا۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی کا جحا ن دیکھا گیا، بینکنگ ،گیس،سیمنٹ اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے سبب نہ صرف کاروباری حجم میں اضافہ ہوا بلکہ کے ایس ای 100 انڈیکس 175.21 پوائنٹس بڑھ کر 23613.20 پوائنٹس پر پہنچ گیا، اس طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 118.91 پوائنٹس بڑھ کر 18346.63 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16746.77پوائنٹس سے بڑھ کر 16897.97 پوائنٹس پر بند ہوا۔



منگل کو کاروباری حجم 19.85 فیصد زائد رہا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 29 کروڑ 90 لاکھ 59ہزار250 حصص کاکاروبار ہوا جبکہ پیر کو 24 کروڑ 95 لاکھ17 ہزار410 شیئرز حصص کا کاروبار ہوا تھا، منگل کو کراچی اسٹاک مارکیٹ میں 388 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 216 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،150میں کمی اور 22 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں، تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 50 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور مجموعی سرمایہ بڑھ کر 58 کھرب 10 ارب 29 کروڑ 72 لاکھ 28 ہزار 982 روپے ہو گیا۔

کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب 3 کروڑ 15 لاکھ، فوجی سیمنٹ 1 کروڑ 94 لاکھ، جہانگیر صدیق کمپنی 1کروڑ62 لاکھ، سوئی سدرن گیس 1 کروڑ 16 لاکھ اور جے ایس بینک لمیٹڈ 1کروڑ7لاکھ حصص کے سودوں کے ساتھ سرفہرست رہے، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے وائتھ پاک لمیٹڈ کے بھاؤ میں 116.77 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 110روپے کا اضافہ جبکہ فضل ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 19 روپے اور صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 18.99 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔