پاکستان کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کے لئے سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا

سعودی وفد کل دیگر اسٹیک ہولڈرز سے باضابطہ مذاکرات کے بعد عملی شکل دے گا


ویب ڈیسک April 01, 2019
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 90 فیصد پاکستانی حجاج کی کسٹم چیکنگ اور امیگریشن پاکستان میں ہوگی (فوٹو: فائل)

پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں پاکستان کی شمولیت کی درخواست کی تھی۔ اس حوالے سے اعلیٰ سطح سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے اور سعودی وفد نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور وفاقی سیکریٹری مشتاق احمد سے ملاقات بھی کی ہے۔

سعودی اعلیٰ سطح وفد کل پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کے لیے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے باضابطہ مذاکرات کے بعد عملی شکل دے گا، سعودی وفد نے پاکستانی عوام کے لیے سعودی ولی عہد کی نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روڈ ٹو مکہ میں پاکستان کو شامل کرنے کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 90 فیصد پاکستانی حجاج کی کسٹم چیکنگ اور امیگریشن پاکستان میں ہوگی اور سعودی ایئرپورٹس پر عازمینِ حج انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے۔