جشن آزادی کی رات بھی بجلی چوروں کیخلاف چھاپے

لاکھوں روپے ماہانہ کی بجلی چوری پکڑی گئی،ڈیڑھ سوسے زائد غیرقانونی کنکشن منقطع


Numainda Express August 15, 2013
خصوصی ٹیم نے گیسٹ ہاؤس سے قریب ہی واقع کچی آبادی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری پکڑلی. فوٹو: فائل

حیدرآبادالیکٹرک سپلائی کمپنی کی خصوصی ٹیم نے جشن آزادی کی رات کو بھی بجلی چوروں کے خلاف چھاپے جاری رکھے اور لاکھوں روپے ماہانہ کی بجلی چوری پکڑ کرڈیڑھ سوسے زائد غیرقانونی کنکشن منقطع کردیے جبکہ ایک بجلی چورکوپکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

حیسکو کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ون ملک امتیاز کی سربراہی میں ایکسیئن سرفراز خان، ایس ڈی او اطہر جاوید اور دیگر ٹیکنیکل عملے پر مشتمل خصوصی ٹیم نے بجلی چوروں کے خلاف جشن آزادی کی شب بھی کارروائی جاری رکھی۔ آٹوبھان روڈ پر واقع ریلوے کوآپریٹو سوسائٹی میں واقع دو گیسٹ ہاؤسز پر چھاپہ مارکر بجلی چوری پکڑلی اورایک بجلی چورکوگرفتارکرنے کے علاوہ دونوں گیسٹ ہاؤسز کے کنکشن منقطع کردیے۔



خصوصی ٹیم نے گیسٹ ہاؤس سے قریب ہی واقع کچی آبادی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری پکڑلی، جہاں ایک ہیوی تار کے ذریعے بجلی چوری کرکے کچی آبادی میں واقع ڈیڑھ سو سے زائد گھروں کو فراہم کی جارہی تھی۔ ایس ای ون حیسکو ملک امتیاز نے بتایاکہ ایک اندازے کے مطابق دونوں گیسٹ ہاؤسز سمیت ڈیڑھ سوسے زائد گھروں میں ماہانہ لاکھوںکی بجلی چوری کی جارہی تھی اوردونوں گیسٹ ہاؤسز پر ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔