فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی تاریخ کے پہلے پاکستانی نائب صدر منتخب

عباس رضا  ہفتہ 6 اپريل 2019
فیصل صالح حیات 4 سال تک ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے نائب صدر رہیں گے فوٹو: فائل

فیصل صالح حیات 4 سال تک ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے نائب صدر رہیں گے فوٹو: فائل

لاہور: سید فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کلب کنفیڈریشن کے بلا مقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے۔

کوالالمپور میں ہونے والے اجلاس میں رسمی کارروائی پوری ہونے کے بعد ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، وہ 4 سال تک اس عہدہ پر فائز رہیں گے، دوسری جانب سلمان بن ابراہیم الخلیفہ اے ایف سی کے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔

ایشین فٹبال کلب کنفیڈریشن کی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی کو عہدہ ملا ہے، اس حوالے سے فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ اے ایف سی کی نائب صدارت پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، ایشیا میں فٹبال کے فروغ کے لیے اپنا تجربہ بروئے کار لاؤں گا، پاکستان فٹبال کی بہتری کیلیے بھی ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔

یاد رہے کہ عدالتی حکم پر ہونے والے انتخابات میں سید اشفاق حسین کی سربراہی میں قائم ہونے والی پی ایف ایف کو اے ایف سی نے تسلیم نہیں کیا، جنرل سیکرٹری کی جانب سے جاری کیے جانے والے لیٹر میں واضح کیا گیا تھا کہ سید فیصل صالح حیات کو ہی فیڈریشن کا صدر تسلیم کرتے ہیں اور ان کے ساتھی ہی معاملات رکھیں گے،اس متنازع صورتحال میں فریقین کا موقف جاننے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کا مشترکہ وفد پاکستان آ رہا ہے، اس کی رپورٹ کی روشنی میں پی ایف ایف کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔