شوہر نے بیوی کو قتل کرکے واقعے کوخودکشی کارنگ دے دیا

شک پرسیما کو قتل کیا، واقعے کوخودکشی کارنگ دینے کیلیے لاش لٹکادی، ملزم کابیان


Staff Reporter April 08, 2019
مقتولہ کی عمر 40 سال تھی،لاش اورجائے وقوع کامعائنہ کیاتومعاملہ مشکوک دکھائی دیا،پولیس فوٹو: فائل

سرجانی ٹاؤن میں شوہر نے اہلیہ کو قتل کرکے خودکشی کا رنگ دے دیا ، پولیس نے سختی سے پوچھ گچھ کی تو ملزم نے قتل کا اعتراف کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود روزی گوٹھ میں گھر کے اندر سے خاتون کی پھندا لگی لاش ملی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، خاتون کی شناخت سیما زوجہ شوکت کے نام سے کی گئی۔ جس کی عمر 40 برس تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سیما کے شوہر شوکت نے پولیس کو بیان دیا کہ سیما نے چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی ہے لیکن جب پولیس نے لاش کو بغور دیکھا اور جائے وقوع کا معائنہ کیا تو معاملہ مشکوک دکھائی دیا جس پر شوکت کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا گیا ، شوکت سے جب پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے جرم کا اعتراف کرلیا ، اس نے بتایا کہ شک کی بنیاد پر اس نے سیما کو گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اس کے بعد خودکشی کا رنگ دینے کے لیے لاش چھت سے لٹکادی، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔