سندھ سنگین مقدمات میں ملوث 89 ہزاراشتہاری ملزمان موجود

زیادہ تر کا تعلق کراچی سے ہے ، 4سال سے گرفتارنہیں کیا جاسکا، سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش


Monitoring Desk August 16, 2013
زیادہ تر کا تعلق کراچی سے ہے ، 4سال سے گرفتارنہیں کیا جاسکا، سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش فوٹو فائل

سندھ میں قتل،اغوابرائے تاوان اوردیگرمقدمات میں ملوث89ہزارمفروراوراشتہاری ملزمان کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے ممبرانسپیکشن ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سندھ میں قتل،اغوابرائے تاوان اوردیگر مقدمات میں ملوث 89 ہزارمفرور اور اشتہاری ملزموں کی موجودگی کاانکشاف ہو اہے، مفرور اور اشتہاری ملزموں میں سے بڑی تعدادکاتعلق کراچی سے ہے۔



تمام ملزموں کو گزشتہ 4 سال میں عدالتوں نے مفرور یااشتہاری قراردیا مگر پولیس انھیں گرفتارکرنے میں ناکام رہی ہے، یکم جنوری2008سے نومبر2012تک صوبے بھر کی عدالتوں نے سنگین جرائم ودیگرمقدمات میں ملوث88998 ملزموں کو مفرور اوراشتہاری قراردیا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق پولیس سندھ ہائی کورٹ میں ملزموں سے متعلق معلومات کاتبادلہ کرنے سے گریزکررہی ہے۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پر ملزموں کی تازہ ترین تفصیلات موجودنہیں اور معلومات اپ ڈیٹ بھی نہیں کی جاتی،سندھ ہائیکورٹ کی ویب سائٹ پرکسی ملزم کی گرفتاری کی معلومات فراہم کردی جائیں توپولیس مذکورہ ملزم کی گرفتاری سے انکارنہیں کرسکتی۔