محمد حسنین عالمی معیار کی فٹنس پانے کیلیے سرگرم

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 11 اپريل 2019
بابر اعظم، شاداب ، عماد ، عامر اور عباس بھی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کوشاں۔ فوٹو: پی سی بی

بابر اعظم، شاداب ، عماد ، عامر اور عباس بھی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے کوشاں۔ فوٹو: پی سی بی

 لاہور:  محمد حسنین عالمی معیار کی فٹنس پانے کیلیے سرگرم ہیں تاہم ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت کے امیدوار نوجوان پیسر کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ایس ایل کے بعد یواے ای میں آسٹریلیا سے ون ڈے میچز میں بھی محمد حسنین نے اپنی اسپیڈ اور صلاحیتوں سے متاثر کیا، سیریز کے اختتام پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ نوجوان پیسر سمیت چند کھلاڑیوں نے ٹیلنٹ کی جھلک دکھا دی لیکن ان کی فٹنس کا معیار وہ نہیں جو گذشتہ2سال سے ٹیم کا حصہ رہنے والے پلیئرز کا ہے،اس ضمن میں خاصا کام کرنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق محمد حسنین ورلڈکپ اسکواڈ کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں،انھوں نے اپنی فٹنس کو عالمی معیار پر لانے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے۔

اس پروگرام پر عمل درآمد کیلیے نوجوان پیسر کو پاکستان ون ڈے کپ میں کسی اسکواڈ کا حصہ بنانے سے بھی گریز کیا گیا تھا، کوچز اور معاون اسٹاف اس ضمن میں خصوصی طور پر کام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کے امیدوار قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 15اور 16اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہی ہوں گے،محمد حسنین کے ساتھ بابر اعظم، شاداب خان، عماد وسیم ، محمد عامر اور محمد عباس بھی ٹریننگ کررہے ہیں،یہ تمام کرکٹرز انفرادی ٹریننگ میں سرگرم نظر آتے ہیں،سب کی پوری کوشش ہے کہ فٹنس ٹیسٹ کی تیاریوں میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے،اگلے 1،2 روز میں دیگر چند کھلاڑیوں کی این سی اے آمد بھی متوقع ہے، ورلڈکپ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان 18اپریل کو کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔