جناح اسپتال میں نرسوں کی40 اسامیاں خالی پڑی ہیں

گریڈ 19 کی2 اورایک گریڈ20کی اسامی پر بھی کسی کو تعینات نہیں کیا جاسکا، یہ دونوں اسامیاں14سال سے خالی بتائی جاتی ہیں۔


Staff Reporter August 26, 2012
مسائل حل اور ترقی کے لیے اجلاس طلب کیا جائے،نرسوں کا وزیر صحت سے مطالبہ ۔ فوٹو: فائل

GAZA: جناح اسپتال میں نرسوں کی40 اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ17سال بعد صرف 12نرسوں کو اگلے گریڈ میں ترقی دی گئی تھی، اسپتال میں گریڈ 16کی ایک،17کی11 اور گریڈ 18 کی 5 اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ گریڈ 19 کی2 اور ایک گریڈ20کی اسامی پر بھی کسی کو تعینات نہیں کیا جاسکا، یہ دونوں اسامیاں14سال سے خالی بتائی جاتی ہیں، اسپتال کے انتظامی ذرائع کے مطابق اسکول آف نرسنگ کی پرنسپل گریڈ19جبکہ گریڈ18کی نرسنگ انسٹرکٹرکی اسامیاں بھی کئی سال سے خالی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ گریڈ 17کی ہیڈ نرس کی4اسامیاں، کالج آف نرسنگ میں 3 نرسنگ انسٹرکٹر اور گریڈ19کی کالج آف نرسنگ کی وائس پرنسپل کی اسامی بھی خالی پڑی ہے جبکہ ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کی اسامیاں بھی خالی بتائی جاتی ہیں، متاثرہ نرسوںکاکہنا ہے کہ اسپتال کی انتظامی من پسند نرسوں کو اہم اسامیوں پر تعینات کرتی ہے جبکہ نرسوں کی ترقی سے متعلق کوئی اجلاس بھی طلب نہیں کیا جاتا، ان نرسوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیراحمد سے مطالبہ کیا ہے کہ نرسوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں اور نرسوں کی ترقی کے لیے اجلاس طلب کیا جائے اور میرٹ پر ترقی دی جائے۔