حکومت دہشتگردی کی روک تھام کیلیے اقدامات کرے ثروت اعجاز

دہشت گرد عناصر کسی بھی صف میں ہوںکارروائی کی جائے،سربراہ سنی تحریک۔


Staff Reporter August 26, 2012
دہشت گرد عناصر کسی بھی صف میں ہوںکارروائی کی جائے،سربراہ سنی تحریک۔ فوٹو: فائل

NEW YORK: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک بچانے اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلیے حکومت دہشت گردی کی روک تھام کیلیے اقدامات کرے، پی ایس ٹی کے کارکنان لاوارث نہیں ہیں ،کارکنان کے بہیمانہ قتل پر امن کی پالیسی ملک کے مفاد میں اختیار کی ہوئی ہے لیکن اس کو کمزوری تصور کرنیوالے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پے درپے کارکنان کا قتل، قاتلوں کی عدم گرفتاری ،حکومت وانتظامیہ کی بے حسی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، کارکنان کے قاتلوں کو جلد گرفتار نہیں کیا گیا تو سخت لائحہ عمل طے کرنے پر مجبور ہونگے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اصغر قادری کے قتل پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ایک ہفتے قبل بلدیہ ٹائون میں ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کرکے ڈسٹرکٹ انچارج آفتاب چشتی کو شہید کردیا تھا جبکہ دو کارکن زخمی تھے جن میں سے ایک اصغر قادری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمراں صرف اقتدار کو بچانے میں مصروف عمل ہیں انھیں شہریوں کے قتل اور شہر کے امن کی کوئی پرواہ نہیں ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار نہیں کیا جارہا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے کارکنوں کو حکومت تحفظ فراہم کرے اور دہشت گرد عناصر کسی بھی صف میں موجود ہوں ان کے خلاف قانون کو ہر حال میں حرکت میں لایا جائے۔