بنگلہ دیشی نامکمل وینیوز نے آئی سی سی کا چین چھین لیا

ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل اسٹیڈیمز کا جائزہ لینے کیلیے ایک اور ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی


Sports Desk August 17, 2013
ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل اسٹیڈیمز کا جائزہ لینے کیلیے ایک اور ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے میزبان بنگلہ دیش میں نامکمل وینیوز نے آئی سی سی کا چین چھین لیا، جائزہ لینے کیلیے گذشتہ روز ایک اور ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی۔

اسی کی رپورٹ پر سلہٹ اور کوکس بازار اسٹیڈیم کے مسقبل کا فیصلہ ہو گا، دوسری جانب بی سی بی پُرامید ہے کہ اکتوبر کے وسط تک تمام اسٹیڈیمز تیار ہو جائینگے، اس میں فوج سے بھی مدد لی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ آئندہ برس 16 مارچ سے 9 اپریل تک بنگلہ دیش میں ہونا ہے مگر وینیوز تیار ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے۔

آئی سی سی کی تشویش بھی بڑھتی جا رہی جبکہ بھارت پہلے ہی میزبانی سنبھالنے پر تلا بیٹھا ہے، ایسے میں بنگلہ دیش میں بھی کام کی رفتار تیز ہوچکی البتہ کونسل کی تشویش برقرار ہے، اسی لیے جمعے کو ایونٹ ڈائریکٹر کرس ٹیٹلی، اسٹیڈیم کنسلٹنٹ ایوگینی وین ورین، ایونٹ منیجر دھیرج ملہوترہ اور چیف کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن پر مشتمل وفد وینیوز کا جائزہ لینے ڈھاکا پہنچ گیا، چند روز قبل چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن و دیگر آفیشلز بی پی ایل فکسنگ رپورٹ لے کر یہاں آئے تھے۔



آئی سی سی نے سلہٹ ڈویژنل اور ویمنز ٹورنامنٹ کے میزبان کوکس بازار اسٹیڈیم پر تشویش ظاہر کی تھی، بی سی بی بطور متبادل فتح اﷲ اسٹیڈیم اور بی کے ایس پی کو تیار کر رہا ہے، جائزہ ٹیم ان چاروں وینیوز کا دورہ کرے گی، چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ عید کی چھٹیوں سے قبل فتح اﷲ اسٹیڈیم پر اہم کام مکمل کر لیا گیا اورکونسل اس سے مطمئن ہو جائے گی، واحد مسئلے سلہٹ وینیو کے پانچ منزلہ گرینڈ اسٹینڈ پر ابھی آدھا کام ہونا باقی ہے، کوکس بازار اسٹیڈیم کی تکمیل میں فوج سے بھی مدد لی گئی ہے۔

بورڈ کے صدر نظم الحسن نے امید ظاہر کی کہ اکتوبر کے وسط تک تمام وینیوز مکمل تیار ہو جائیں گے، یاد رہے کہ آئی سی سی نے انھیں 30 ستمبر تک کا وقت دیا ہے، اب جائزہ ٹیم سے 15 روزہ توسیع کی درخواست کی جائے گی۔