انڈر16 کوالیفائرز کی پاکستانی میزبانی خطرے میں پڑگئی

لیاری میں فٹبالرز کی ہلاکت کے بعد ٹیموں کا کراچی جانے سے انکار، لاہور میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے خط کا، فیصل صالح حیات


Sports Reporter August 17, 2013
لیاری میں فٹبالرز کی ہلاکت کے بعد ٹیموں کا کراچی جانے سے انکار، لاہور میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے خط کا تاحال کوئی جواب نہ ملا، فیصل صالح حیات فوٹو: فائل

حکومت پنجاب کی عدم دلچسپی کے باعث اے ایف سی انڈر16 کوالیفائرز کی پاکستانی میزبانی خطرے میں پڑ گئی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات نے فیفا ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملکی خراب ترین حالات کے باوجود میری کوششوں کی وجہ سے ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو سونپی، میچز 23 سے 30 ستمبر تک کراچی میں ہونے تھے لیکن گذشتہ دنوں لیاری میں جس طرح نوجوان فٹبالرز کا قتل عام ہوا اس کے بعد شریک ٹیموں متحدہ عرب امارات، ایران اور سری لنکا نے ایونٹ کو لاہور منتقل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ بدلتی صورتحال کے بعد پی ایف ایف سیکیورٹی کی فراہمی کیلیے گذشتہ 2 ہفتے سے پنجاب حکومت کو کئی خطوط لکھ چکی لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔



دلبرداشتہ صدر پی ایف ایف نے کہا کہ لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان کھیلوں کے لیے نوگو ایریا بن گیا تھا ، ان حالات میں ہم نے لاہور میں اے ایف سی پریذیڈنٹ کپ کرایا، بعد ازاں مختلف ایونٹس کے دوران عراق، افغانستان، ملائیشیا، فلسطین، بھوٹان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے بھی پاکستانی سونے میدانآباد کیے۔ مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا کہ پی سی بی کے سابق چیئرمین ذکا اشرف نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے آئی سی سی کی میٹنگ کے دوران غیر ملکی فٹبال ٹیموں کے پاکستان آنے کا حوالہ دیا،اسی طرح پی ایچ ایف کے صدر قاسم ضیا اور بیس بال فیڈریشن کے صدر شوکت جاوید نے بھی غیر ملکی فٹبال ٹیموں کا حوالہ دے کر پاکستان آنے پر قائل کیا۔

صدر پی ایف ایف نے کہا کہ یہ ہم سب کا پاکستان ہے، ملکی نیک نامی کے لیے سیاسی وابستگیوں کی پرواہ کیے بغیرسب کو ایک ہونا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اے ایف سی انڈر 16 ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کی صورت میں دنیا بھر میں یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے،افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے اس اقدام کو سراہنے کے بجائے حوصلہ شکنی کی جا رہی ہیں۔ صدر پی ایف ایف نے واضح کیا کہ ایونٹ نہ ہونے کی ساری ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر ہوگی۔ پریس کانفرنس کے دوران فیصل صالح حیات نے وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں۔