نیب افسر ادارے کی عزت بڑھا نہیں سکتے تو دھبہ بھی نا لگائیں، سندھ ہائیکورٹ

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 17 اپريل 2019
تفتیشی افسر کی جانب سے شہری سے رشوت طلب کرنے پر ڈی جی نیب طلب فوٹو:فائل

تفتیشی افسر کی جانب سے شہری سے رشوت طلب کرنے پر ڈی جی نیب طلب فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے نیب کے تفتیشی افسر کے خلاف رشوت طلب کرنے کے کیس میں ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل ڈویژنل بینچ کے روبرو نیب کے تفتیشی افسر کے خلاف رشوت طلب کرنے کے الزام سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار عمران کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر ساجد ندیم نے رات 2 بجے بلڈر کے گھر طلب کیا، بلڈر فاروق نیب افسر کا دوست ہے، وہاں اسٹیٹ ایجنٹ بھی موجود تھا، وہاں مجھ سے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی گئی۔ درخواست گزار نے کمرہ عدالت میں گفتگو کی ریکارڈنگ بھی سنوا دی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کچھ حیا شرم ہوتی ہے، غیرت ہو تو آدمی ڈوب ہی مرتا ہے، کچھ یہی خیال کریں کہ قومی ادارے سے تعلق ہے، عزت بڑھا نہیں سکتے تو دھبہ بھی نا لگائیں۔ عدالت نے ڈی جی نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔