نیب نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کو سوال نامہ بھجوادیا

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 19 اپريل 2019

 لاہور: نیب نے حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ میں 22 اپریل کے لیے سوال نامہ بھجوادیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے سوال نامہ بھجوا دیا گیا ہے، حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر تفتیشی ٹیم کو نامکمل ریکارڈ اور سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی نہیں دیے تھے۔

حمزہ شہباز سے مختلف سوالات کے جوابات مانگے گئے ہیں اور انہیں 2005 سے لے کر اب تک کی تمام کمپنیوں کی سرمایہ کاری، ان پر قرض، سلمان شہباز اور نصرت شہباز کے ساتھ شراکت داری کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حمزہ شہباز کو 2006 سے 2008 کی ٹیکس ریٹرز اور ویلتھ ٹیکس اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، حمزہ شہباز نے تین برسوں کی ٹیکس ریٹرنز انکم ٹیکس میں جمع نہیں کرائیں جبکہ نیب نے   2005 سے 2017 کے دوران بڑھنے والے اثاثوں کے تفصیلی جوابات بھی مانگے ہیں۔

نیب کی جانب سے شریف فیملی پر لگائے گئے الزامات کےمطابق 1999 میں ان کے اثاثہ جات 5 کروڑ 36 لاکھ تھے، 10 سال میں ان کی دولت 68 کروڑ 33 لاکھ ہوگئی جو اب سوا 3 ارب کے قریب ہے اس پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

دوسری جانب نیب کے حاصل کردہ شواہد کے مطابق حمزہ شہباز کو فضل داد عباسی، قاسم قیوم اور مشتاق چینی سے ملنے والی مختلف رقوم  کے مستند جوابات بھی نیب کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو اب تک موصول ہونے والے تحائف اور وصول کی جانے والی تنخواہوں کی بھی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔