برفباری سے بجلی بنانے والا انقلابی آلہ تیار

ویب ڈیسک  اتوار 4 اکتوبر 2020
ڈاکٹر ماہرالقادی سپر کیپیسٹر کے ساتھ اور اب انہوں نے برفباری سے بجلی پیدا کرنے والا نظام تیار کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ یو سی ایل اے

ڈاکٹر ماہرالقادی سپر کیپیسٹر کے ساتھ اور اب انہوں نے برفباری سے بجلی پیدا کرنے والا نظام تیار کیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ یو سی ایل اے

لاس انجلس: ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ رونما ہوا ہے مصر کے ایک سائنسداں ڈاکٹر ماہر القادی نے ایک ایسی تکنیک وضع کی ہے جس کی بدولت اب برفباری سے بھی بجلی تیار کی جاسکتی ہے.

اس میں ٹرائبوالیکٹرک کا سادہ اصول کارفرما ہے یعنی جب دو مختلف مادے (مٹیریل) آپس میں ملتے ہیں تو چارج پیدا ہوتا ہے۔ اسے بنانے والے ماہرین کہتے ہیں کہ برفباری کے ذرات میں قدرتی طور پر مثبت برقی چارج ہوتا ہے۔

’ برف پر پہلے سے ہی چارج ہوتا ہے تو کیوں نہ اسے مخالف چارج والے سے ملایا جائے تاکہ بجلی اخذ کی جاسکے؟ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس کے کیمیاداں ماہرالقادی نے کہا جو نینوٹیک انرجی کمپنی کے سی ٹی او بھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس سے پہلے اس ٹیکنالوجی پر کبھی غور نہیں کیا گیا۔

اگرچہ اب تک بہت سارے ایسے ٹرائبوالیکٹرک نینوجنریٹر( ٹی ای این جی) تیار ہوچکے ہیں جو بارش کے قطروں، ہلکی حرکت، ٹائروں کی رگڑ اور خاص بورڈ پر چہل قدمی سے بھی بجلی بناسکتے ہیں۔ تحقیقی ٹیم کے دوسرے رکن رچرڈ کینر نے کہا کہ جب ایک مٹیریل کے الیکٹرون اتر کر دوسرے مٹیریل پر جاتے ہیں تو اس عمل کو برق سکونی (اسٹیٹک الیکٹرسٹی) کہا جاتا ہے۔

ماہرالقادی نے بتایا کہ انہوں نے بہت سے مادے آزمائے جن میں سلیکون سے بنے نینوجنریٹرنے سب سے بہتر کام دکھایا ہے۔ انہوں نے تھری ڈی پرنٹنگ سے الیکٹروڈ تیار کئے ہیں اور انہیں خاص قسم کے جوتوں کے نیچے لگایا ہے مگران سے بجلی کی بہت معمولی مقدار ہی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم ٹی ای این جی میں شمسی پینل لگا کر اس کمی کو دور کیا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر ماہر اور دیگر کہتے ہیں کہ کرہ ارض پر چار کروڑ 60 لاکھ مربع کلومیٹر کے رقبے پر برف پڑتی ہے اور اس طرح بہت بڑے پیمانے پر بجلی بنائی جاسکتی ہے۔ تاہم ایک فرد ضرور اس قابل ہوجائے گا کہ وہ برف پر چلتا یا پھسلتا جائے تو اپنے فون اور دیگر دستی آلات کے لیے بجلی تیار کرسکے۔

اس کے علاوہ برف سے بجلی بنانے والے ٹی ای این جی سے موسمیاتی اسٹیشن اور دیگر آلات کو بجلی فراہم کرنا ممکن ہوگی اور اس کے لیے بیرونی ذرائع سے بجلی دینے کی ضرورت نہ ہوگی۔ یہ تفصیلات نینو انرجی میں شائع ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔