بھارتی ریاست بہار میں ٹرین کی زد میں آکر 35 ہندو یاتری ہلاک متعدد زخمی

واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرین کی کئی بوگیوں کو نذر آتش اور ریلوے حکام کو تشدد کا نشانہ بنایا۔


/AFP August 19, 2013
واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرین کی کئی بوگیوں کو نذر آتش اور ریلوے حکام کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

بھارتی ریاست بہار میں ٹرین کی زد میں آکر 35 ہندو یاتری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست بہار کے ضلع کھاگریہ کے دھرما گھاٹ ریلوے اسٹیشن پر مقامی مندر کی یاترا کے لئے بڑی تعداد میں ہندو یاتری سگنل بند ہونے کے باوجود ایک ٹرین سے اتر کر دوسری پٹری کو پار کررہے تھے کہ اچانک اس ٹریک پر ایک اور ٹرین آگئی جس کی زد میں آکر 35 یاتری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

حادثے کے بعد اسٹیشن پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ٹرین کی کئی بوگیوں کو نذر آتش کردیا اور ریلوے حکام کو تشدد کا نشانہ بنایا، محکمہ ریلوے نے حالات کے پیش نظر اس ٹریک پر ہر قسم کی ٹرینوں کی آمدو رفت معطل کردی ہے۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے ریلوے ادھیر چوہدری نے عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرانے اور اس کے ذمہ داروں کو سخت ترین سزا دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔