پاک بھارت میچ کیلیے جنگ کا لفظ اچھا نہیں، شعیب ملک

محمد یوسف انجم  ہفتہ 20 اپريل 2019
ہرمیچ میں بھرپور فائٹ کریں گے، فخرزمان

ہرمیچ میں بھرپور فائٹ کریں گے، فخرزمان

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کیلیے جنگ کا لفظ اچھا نہیں ، پیار دوریاں ختم کرتا ہے۔ 

ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ایکسپریس نیوز کے خصوصی بات کی، شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وقت سے بہت پہلے انگلینڈ جانے کا سو فیصد فائدہ ہوگا، ہر میچ کا پریشر ہوتا ہے ، ورلڈ کپ اسکواڈ میں آنے پر انتہائی خوش ہوں یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا، امید ہے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا، تنقید کرنے والوں کے ذاتی ایجنڈے بھی ہوتے ہیں، کھلاڑی پرایسا وقت بھی آتاہے جب وہ اپنا بہترین نہیں دے سکتا جب کہ پاک بھارت میچ کیلیے جنگ کا لفظ ہی اچھا نہیں ، پیار دوریاں ختم کرتا ہے۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخرزمان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، نئے کھلاڑی بھی اچھی پرفارمنس دیں گے، ورلڈ کپ میں ہمارے پاس تجربہ کار کھلاڑی بھی ہیں، ہرمیچ میں بھرپور فائٹ کریں گے، بھارت کے ساتھ میچ کا اپنا مزہ ہے ، قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ،اوپنر رنز کریں تو ٹیم کے لیے بہتر ہوتاہے۔

بھارت کے سابق کھلاڑی وریندر سہواگ کے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے حوالے سے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پاک بھارت میچ جنگ نہیں، دوسری ٹیموں کی طرح بھارت کا مقابلہ ہوگا ، انشااللہ شائقین کو ٹیم لڑتے ہوئے نظر آئے گی ، ورلڈ کپ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ، ہر میچ سنجیدگی سے کھیلیں گے جب کہ اپنی صلاحیت کاسوفیصد دینے کی کوشش کروں گا، انفرادی طور پر کچھ میچز نہیں جتواسکا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔