زہریلی شراب فراہم کرنیوالے ملزمان جیل روانہ کردیے گئے

چالان جمع کرانیکا حکم،ملزمان کیخلاف قتل اورقتل بالسبب کے مقدمات درج ہیں


Staff Reporter August 20, 2013
استغاثہ کے مطابق ملزمان نے محمود آباد کے علاقے میں کچی شراب تیار کرکے اور بوتلوں میں جعلی لیبل چسپاں کرکے مقامی وائن شاب کو فراہم کی تھی. فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز علی سولنگی نے کچی زہریلی شراب فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان جمیل اور بابر کو 26اگست تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔

پیر کو تھانہ محمود آباد نے گرفتار دونوں ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے فاضل عدالت میں پیش کیا تھا اس موقع پر پولیس نے مزید ریمانڈ کی استدعا کی تھی اس موقع پر پولیس ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلیے عدالت کومطمئن نہ کرسکی ، استغاثہ کے مطابق ملزمان نے محمود آباد کے علاقے میں کچی شراب تیار کرکے اور بوتلوں میں جعلی لیبل چسپاں کرکے مقامی وائن شاب کو فراہم کی تھی جس کے نتیجے میں 25سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔



5افراد بینائی سے محروم اور متعدد افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں ، ملزمان کے خلاف تھانہ محمود آباد میں یونس اور مقتول پرویز کی بہن کی مدعیت میں قتل ، قتل بالسبب سمیت دیگر دفعات میں دو مقدمات درج ہیں۔