بورڈ نے فکسرزکے سرغنہ سلمان کو بلانے کی تیاری کرلی

عنقریب انگلینڈ کے مشہور زمانہ اسکینڈل کی تفصیلات معلوم کی جائیں گی۔


Saleem Khaliq August 20, 2013
عنقریب انگلینڈ کے مشہور زمانہ اسکینڈل کی تفصیلات معلوم کی جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی

پی سی بی نے اسپاٹ فکسرزکے سرغنہ سلمان بٹ کو بھی طلب کرنے کی تیاری کر لی، عنقریب ان سے بھی انگلینڈ کے مشہور زمانہ اسکینڈل کی تفصیلات معلوم کی جائیں گی، دوسری جانب آصف کے ساتھ سیشنز مزید 2 ماہ جاری رہنے کا امکان ہے، ان کے اعتراف جرم میں آئی سی سی نے کسی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں محمد آصف اور عامر نے کپتان سلمان بٹ کے ساتھ مل کر رقم کے عوض نو بالز کیں، تینوں کو اس جرم پر انگلینڈ میں ہی جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی، اس کے باوجود یہ پاکستانی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے، بعد ازاں ایک، ایک کر کے جرم قبول کر لیا، گذشتہ دنوں سلمان بٹ نے بڑی ڈھٹائی سے ہاتھ جوڑ کر قوم سے ''معافی'' مانگی، چند روز قبل آصف نے بھی یہ عمل دہرایا۔



دونوں کے انداز سے ندامت کا قطعی اظہار نہیں ہوا، پی سی بی نے پیر کے روز آصف کو طلب کیا، جنھوں نے پہلے بورڈ کے نگراں سربراہ نجم سیٹھی اور پھر سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کے کرنل (ر) اعظم اور ان کے نائب سے ملاقات کی، اس موقع پر ابتدائی معلومات فراہم کی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف کے ساتھ آئندہ 2 ماہ تک مزید سیشنز ہوں گے، اس تنازع کے مرکزی کردار سلمان بٹ کو بھی بورڈ حکام نے طلب کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ عامر پہلے سے ہی تعاون کر رہے ہیں، تینوں سے حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

دریں اثنا آصف کے اعتراف جرم میں آئی سی سی نے کسی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا، پی سی بی سے اس ضمن میں کسی قسم کی تفصیلات نہیں طلب کی گئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ تاخیر سے اعتراف کی وجہ سے آصف اور سلمان کیلیے کہیں بھی ہمدردی کے جذبات نہیں پائے جاتے۔