ورلڈ کپ سے قبل اہم بنگلہ دیشی ہتھیار بیکار ہونے لگے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
فٹنس مسائل سے دوچار پیسرز کی فہرست میں اضافہ، روبیل، سیف اور ابوجیدکو بھی پریشانی۔ فوٹو: فائل

فٹنس مسائل سے دوچار پیسرز کی فہرست میں اضافہ، روبیل، سیف اور ابوجیدکو بھی پریشانی۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: ورلڈ کپ سے قبل اہم بنگلہ دیشی ہتھیار بیکار ہونے لگے جب کہ فٹنس مسائل سے دوچار پیسرز کی فہرست میں اضافہ ہوگیا۔

بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی شمولیت سے شیڈول ٹرائنگولر سیریز کیلیے روانگی سے قبل ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے لگائے گئے کیمپ کے ابتدائی روز چند اہم پیسرز کے فٹنس مسائل میں دوچار ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

مستفیض الرحیم پہلے سے ہی ٹخنے کی انجری کا شکار اور دو ہفتوں کیلیے انھیں آرام کی ہدایت کی گئی ہے مگر اب معلوم ہوا ہے کہ روبیل حسین سائیڈ اسٹرین اور محمد سیف الدین ٹینس ایلبو سے دوچار ہوچکے جبکہ ابو جید بھی چھوٹی موٹی کچھ تکالیف میں مبتلا ہیں۔

خاص طور پر مستفیض کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ خاص طور پر پریشان ہے جوکہ گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف فٹنس مسائل سے دوچار ہورہے ہیں۔ ان کے بارے میں بولنگ کوچ کورٹنی والش نے واضح کیا ہے کہ انھیں جلد بازی میں میدان میں نہیں اتارا جائے گا۔

کیمپ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کورٹنی والش کا کہنا تھا کہ مستفیض نے ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کرنا اور اس کیلیے ان کا مکمل فٹ ہونا ضروری ہے، اس لیے ہم ان کو جلد بازی میں میدان میں اتارنے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ آئرلینڈ میں ٹرائنگولر سیریز کے دوران بھی انھیں احتیاط سے استعمال کیا جائے گا، ویسے بھی ہم صرف ایک بولر پر انحصار نہیں کررہے، ہمارے پاس شکیب الحسن، مشرفی مرتضیٰ اور روبیل کی صورت میں مستقل مزاجی سے اچھا پرفارم کرنے والے بولرز موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ جوکھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں وہ بھی ان سے جلد چھٹکارا حاصل کرلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔