اردو زبان کا پہلا سافٹ ویئر تیار، املا درست کرنے کی صلاحیت

نمائندہ ایکسپریس  منگل 23 اپريل 2019
سافٹ ویئر ایک بڑا کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے، افتخار عارف۔ فوٹو: فائل

سافٹ ویئر ایک بڑا کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے، افتخار عارف۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  اردو زبان میں اپنی نوعیت کا پہلا سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے جو خود کار طریقے سے املا کی غلطیاں درست کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اردو زبان کے پہلے سافٹ ویئر کا گزشتہ روز افتتاح کیا گیا، تقریب کے شرکاء نے کہاکہ اس وقت اردو دنیا میں بے شمار الفاظ کا ایک سے زائد املا رائج ہے توقع کی جا رہی ہے کہ اس سافٹ ویئر کے مارکیٹ میں آنے سے نہ صرف اردو املا کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اردو ذرائع ابلاغ کی دنیا میں بھی ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔

یہ اردو کاپہلا سافٹ ویئر ہے جو نہ صرف غلط الفاظ کی نشان دہی کرتا ہے بلکہ ایک ہی کلک سے عبارت میں موجود سیکڑوں غلط الفاظ کوخود کار طریقے سے پلک جھپکنے میں درست بھی کردیتا ہے، اس سافٹ ویئر سے جہاں اردو میں پروف ریڈنگ کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی وہیں اردو کا ایک ہی املا رائج کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

یہ سافٹ ویئر ممتاز شاعر اور ناول نگار اختر رضا سلیمی اور معروف سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان اور ان کی ٹیم نے 2 سال کے عرصے میں تیار کیا ہے۔ ممتاز شاعر اورمقتدرہ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف نے کہاکہ حرف کار سافٹ ویئر اردو کی ترویج و ترقی کے حوالے سے ایک بڑا کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے۔

انھوں نے کہاکہ اختر رضاسلیمی، سعید رضا خان اور ان کی ٹیم نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اردو کا مستقبل ہر حوالے سے روشن ہے۔ اختر رضا سلیمی نے کہاکہ سافٹ ویئر کی تیاری میں اردو کی تمام اہم جدید و قدیم لغات کے ساتھ ساتھ اردو کے قدیم و جدید سرمایے سے استفادہ کیا گیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی قومی زبان اردو کا ایک ہی املا رائج ہو۔

سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان نے کہاکہ یہ سافٹ ویئر ڈاٹ نیٹ میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی تھرڈ پارٹی ٹول استعمال نہیں کیا گیا اور یہ صرف ایک ہی بوٹ ایبل فائل پر مشتمل ہے جسے انسٹال کرنے کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔