پہلا ٹیسٹ بھارت نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور115رنزسے کچل دیا

اسپن بولر روی چندرن ایشون اور پراگیان اوجھا نے مجموعی طور پر 18 وکٹیں لیں


Sports Desk August 27, 2012
مہمان ٹیم 164 پر ڈھیر، کین ولیمسن کی ففٹی، میچ کی 18وکٹیں بھارتی اسپنرز کے نام۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: بھارتی اسپن اٹیک نے کیویز کو کچل کر رکھ دیا، میزبان سائیڈ نے چوتھے ہی روزپہلا ٹیسٹ ایک اننگز اور 115 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا، فالو آن کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری باری میں 164 رنز پر آئوٹ ہوئی، کین ولیمسن نے 52 اور برینڈن میک کولم نے 42 رنز بنائے، مہمان ٹیم کی 20 میں سے 18 وکٹیں اسپن بولنگ کی نذر ہوئیں، مین آف دی میچ روی چندرن ایشون نے دوسری باری میں بھی 6 وکٹیں لے کر میچ میں کیریئر بیسٹ 12 وکٹیں لیں، پراگیان اوجھا نے تین اور مجموعی طور پر 6 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے نیوزی لینڈ کو حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 115 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، اس فتح میں اسپن بولر روی چندرن ایشون اور پراگیان اوجھا نے کلیدی کردار ادا کیا دونوں نے مجموعی طور پر 18 وکٹیں لے کر کیویز کی امیدوں کو بری طرح کچل کر رکھا دیا، اتوار کو کھیل کا آغاز بارش کے باعث 2 گھنٹے تاخیر سے ہوا، برینڈن میک کولم اور کین ولیمسن نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز جوڑے، دونوں لنچ سے قبل 90 منٹ تک بھارتی اسپنرز کا نہایت احتیاط کے ساتھ سامنا کرتے رہے۔

مگر دوسرے سیشن کے آغاز پر ہی برینڈن میک کولم کی وکٹ کا گرنا تھا کہ باقی بیٹسمینوں کی لائن لگ گئی، 42 رنز پر امیش یادیو نے میک کولم کو ایل بی ڈبلیو کیا، کپتان روز ٹیلر (7) کو ایشون نے بولڈ کیا، ولیمسن 52 رنز بناکر اوجھا کی گیند پر سہواگ کا کیچ بن گئے، باقی کھلاڑی بھارتی بولنگ کے سامنے نہیں ٹک پائے اور یوں پوری ٹیم چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے سے بھی ایک گھنٹہ قبل 164 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اس سے قبل پہلی اننگز میں کیویز نے بھارت کے438 رنز کے جواب میں 159 رنز بنائے تھے، ایشون نے پہلی مرتبہ ایک میچ میں10سے زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا ان کی85 رنز کے عوض12وکٹیں کسی بھی بھارتی بولر کی نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی ہے۔