اسپتال بروقت علاج کرتا تو نشوا کوبچایا جاسکتاتھا، تحقیقاتی رپورٹ

نمائندہ ایکسپریس  منگل 23 اپريل 2019
انکوائری رپورٹ میں دارلصحت اسپتال میں صحت کی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی فوٹو:فائل

انکوائری رپورٹ میں دارلصحت اسپتال میں صحت کی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی فوٹو:فائل

 کراچی: دارلصحت اسپتال کی غفلت کے باعث 9 ماہ کی نشوا کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تشکیل کردہ ماہرین اطفال پر مشتمل دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کردی۔

دو رکنی کمیٹی میں شامل سول اسپتال کے ماہر اطفال ڈاکٹر ایم این لال اور قومی ادارہ صحت برائے اطفال ڈاکٹر جمال رضا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نشوا کی طبیعت دارلصحت اسپتال میں لگائے جانے والے غلط انجکشن کے سبب بگڑی جس نے بچی کے دماغ، دل اور جگر کو شدید متاثر کیا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ اگر دارلصحت اسپتال بروقت درست علاج کرتا تو بچی کی جان بچ سکتی تھی، اس کے پوسٹ مارٹم کے لئے نمونے حاصل کرلئے گئے ہیں، حتمی رپورٹ نمونوں کے نتائج آنے کے بعد پیش کی جائے گی۔

انکوائری رپورٹ میں اسپتال میں صحت کی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی کی گئی اور عملے کی تربیت کروانے پر بھی زور دیا گیا۔

علاوہ ازیں نشوا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے پولیس سرجن قرار عباسی کا کہنا تھا کہ نشوا کے جسم سے لئے گئے نمونے ڈاؤ یونیورسٹی بجھوائے ہیں جہاں سے رپورٹس آنے میں ایک ہفتے کا وقت لگے گا۔

پولیس سرجن نے کہا کہ نمونوں کے نتائج آنے کے بعد پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ جاری کریں گے، دارالصحت اور لیاقت نیشنل اسپتال سے بھی نشوا کا پچھلا ریکارڈ منگوایا ہے جس کی مدد سے معاملے کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔