پاکستان اسٹاک ايکسچينج ميں تکنيکی خرابی کے باعث کاروبار عارضی معطل

ویب ڈیسک  جمعرات 25 اپريل 2019
اسٹاک ايکسچينج انتظامیہ آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تینکیکی خرابی کو دور کرنے میں کامیاب فوٹو:فائل

اسٹاک ايکسچينج انتظامیہ آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تینکیکی خرابی کو دور کرنے میں کامیاب فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان اسٹاک ايکسچينج ميں تکنيکی خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث کھربوں روپے کی ٹريڈنگ تقریبا آدھے گھنٹے تک معطل رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے پہلے سیشن کے دوران اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں کاروبار معطل ہوگیا۔ کام بند ہونے سے سرمایہ کار پریشان ہوگئے تاہم اسٹاک ايکسچينج کی انتظامیہ نے بتایا کہ ٹیکنیکل خرابی پیدا ہونے کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار معطل ہوا ہے۔

تقریبا آدھے گھنٹے کی محنت کے بعد اس تکنیکی نقص کو دور کرکے فوری طور پر ٹريڈنگ دوبارہ شروع کردی گئی۔  انتظامیہ نے ضائع ہونے والے وقت کو پورا کرنے کےلیے اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار کا وقت 30 منٹ بڑھا دیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے ساتھ کاروبار کا اختتام ہوا اور پی ایس ای 100 انڈیکس 301 پوائنٹس کے اضافے سے 36805 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 8 کروڑ 42 لاکھ 48 ہزار 190 حصص کے سودوں پر مشتمل رہا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے لیے دو سیشن منعقد کیے جاتے ہیں۔  پہلا سیشن 9 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوکر 12 بجے تک جاری رہتا ہے جس کے بعد 12 بجے سے سوا 2 بجے تک وقفہ ہوتا ہے۔ دوسرا سیشن دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ملک کی خراب معاشی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ايکسچينج میں بھی طویل عرصے سے مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔