ناگ اور ناگن سے دستگیر کے مکین خوفزدہ سپیرے منتر پڑھنے لگے

تعلیمی باغ کے قریب رہائشی مکین سانپوں کی موجودگی پر گھر سے باہر نکل آئے


Staff Reporter August 21, 2013
علاقہ مکینوں نے فوری طور پر ریسکیو حکام کو بلایا لیکن وہ سانپ پکڑنے میں ناکام رہے تو علاقہ مکین سپر ہائی وے کے ایک گوٹھ سے سپیروں کو لے آئے۔

فیڈرل بی ایریا کے علاقے دستگیر میں2 سانپوں کی اطلاع پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا فوری طور پر ریسکیو حکام کو مطلع کیا گیا لیکن ان کی ناکامی کے بعد علاقہ مکینوں نے سپیروں کی خدمات حاصل کرلیں۔

فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں تعلیمی باغ کے قریب واقع مکان نمبر R-29/14 میں گزشتہ روز اہل خانہ کو 2 سانپ نظر آئے، اہل خانہ چلاتے ہوئے گھر سے باہر نکل آئے اور علاقہ مکینوں کو آگاہ کیا جس پر علاقہ مکین خوف زدہ ہوگئے، علاقے کے سابق یو سی ناظم محمد اشرف حسین نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے علاقے میں بلی ، کتے ، مرغیاں اور جانور مررہے تھے جس سے کافی خوف و ہراس پایا جاتا تھا، گزشتہ روز مبین کے گھر میں سانپ نظر آئے، علاقہ مکینوں نے فوری طور پر ریسکیو حکام کو بلایا لیکن وہ سانپ پکڑنے میں ناکام رہے تو علاقہ مکین سپر ہائی وے کے ایک گوٹھ سے سپیروں کو لے آئے۔



سپیروں نے کئی گھنٹے تک سانپوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن تاحال ناکام ہیں ، سپیروں کے مطابق سانپوں کو باہر نکالنے کے لیے مکمل خاموشی اور پرسکون ماحول درکار ہے جو اس وقت ممکن نہیں، علاقہ مکینوں کے اصرار پر انھوں نے تلاش جاری رکھی ہوئی ہے،سپیروں نے کچھ منتر پھونکے ہیں اور بتایا ہے کہ ایک ناگ اور ایک ناگن ہے، دونوں کو مخصوص علاقے تک محدود کردیا ہے اب وہ باہر نہیں نکل سکیں گے،سپیروں نے کہا کہ مذکورہ سانپ پکڑنا ان کے بس کی بات نہیں ہمیں اپنے استادوں کی خدمات درکار ہیں، رات گئے تک سانپوں کی تلاش جاری تھی۔