مسلم لیگ ن حیدرآبادکے وفد کی نو منتخب صدر سے ملاقات

کامیابی پر مبارکباد، قیادت حنیف صدیقی نے کی، شہر کے مسائل سے آگاہ کیا


Numainda Express August 21, 2013
ممنون حسین نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پورے پاکستان کے صدر منتخب ہوئے ہیں. فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن حیدرآباد ایک وفد نے ضلعی صدر محمد حنیف صدیقی کی قیادت میں کراچی میں نو منتخب صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی اور انھیں انتخاب پر مبارکباد پیش کی، وفد نے انھیں حیدرآباد کے مسائل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حیدرآباد میں تمام بلدیاتی سہولتوں کا خاتمہ ہو چکا ہے اور شہریوں کو اب تو صاف پانی بھی نہیں مل رہا ہے۔

ممنون حسین نے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پورے پاکستان کے صدر منتخب ہوئے ہیں اور حیدرآباد کے عوام سے بھی اتنی ہی محبت ہے جنتی دیگر شہروں کے عوام سے ہے، انھوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور جلد ہی ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر دی جائیں گی۔



وفد میں عارب جتوئی، میر خان تالپور، بدر سومرو، ایاز رحیم میمن، جاوید شیخ اور دیگر موجود تھے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے ایک بیان میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کے قوم سے خطاب کو سچے اور محب وطن پاکستانی کا خطاب قرار دیا ہے۔ مرکزی کونسل کے رکن صاحبزادہ حسن فاروقی نے سیلاب کے خدشے کے باعث لطیف آباد کے بچاو بند کا دورہ کیا۔