پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کی منسوخی کا اصولی فیصلہ

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 26 اپريل 2019
رابطے کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی خواہش پر پیر تک حتمی فیصلے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے، ذرائع۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

رابطے کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی خواہش پر پیر تک حتمی فیصلے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے، ذرائع۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

کراچی:  پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے دورئہ سری لنکا کی منسوخی کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

پی سی بی کی جانب سے حتمی اعلان اگلے چند روز میں متوقع ہے، کراچی میں جاری قومی جونیئرتربیتی کیمپ میں پہلے ہی توسیع کی جا چکی، کولمبو میں دہشت گردی کے بعد پاکستان نے سیریز کو میزبان بورڈ اورحکومت کی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط قراردیا تھا۔

ذرائع کے مطابق رابطے کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی خواہش پر پیر تک حتمی فیصلے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے، اس کا انحصار وزارت دفاع اور خارجہ کی جانب سے این او سی ملنے پر ہوگا۔

واضح رہے کہ کولمبو میں رات دس سے صبح چار بجے تک پولیس کرفیو نافذ ہے،حالات کی وجہ سے سری لنکا نے 39 ممالک کے لیے فری ویزا انٹری کی سہولت بھی معطل کر دی ہے، عالمی جونیئر کپ کی تیاری کے لیے پاکستان جونیئر ٹیم کو2چار روزہ اور 3 ون ڈے میچز  پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے منگل کو روانہ ہونا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔