امریکا میں گوگل کی زیر تعمیر عمارت سے کرین گرنے سے 4 افراد ہلاک

ہیوی کرین گوگل کے سیٹل کیمپس کی تعمیر میں استعمال ہو رہی تھی


ویب ڈیسک April 28, 2019
گوگل کیمپس کی اوپری منزل سے کرین کا ایک حصہ ٹوٹ کر سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں پر گرگیا۔ فوٹو : ٹویٹر

امریکا میں گوگل سیٹل کیمپس کی بالائی منزل میں تعمیراتی کاموں کے دوران کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ساؤتھ لیک یونین ضلع میں سڑک کنارے گوگل کیمپس کی بلند عمارت کی بالائی منزل میں تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک بھاری بھرکم کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

Google 3

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کرین کو ہٹایا اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کو گاڑیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ہلاک ہونے والوں میں کرین میں موجود 2 اہلکار اور 2 کارسوار ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون، اُن کا بچہ اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہے۔

Google 2

تعمیراتی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرین کا اوپر اُٹھنے والا حصہ گاڑی سے علیحدہ ہو کر عمارت کے ایک حصے کو توڑتے ہوئے سڑک پر گرا جس سے عمارت کے حصے کو بھی نقصان پہنچا۔ عمارت گوگل کے زیر استعمال ہے جس میں 150 فلیٹس بنے ہوئے ہیں۔