ایمرجنگ ٹیمز کپ بابر نے نیپال کیخلاف پاکستان کو فتح دلا دی

اوپنر کی سنچری، ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان، سنگاپور کو سری لنکا سے مات


Sports Desk August 22, 2013
سنگاپور: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ میں اوپنر بابر اعظم کا زور دار شاٹ، نیپالی فاسٹ بولر اویناش کرن گیند روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، پاکستان نے 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ فوٹو: فائل

LONDON: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ میں بابر اعظم کی سنچری نے نیپال کیخلاف پاکستان کو 9 وکٹ سے فتح دلا دی، فاتح ٹیم نے سیمی فائنل میں رسائی کا امکان بھی روشن کر لیا۔

گروپ ' اے ' سے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا حتمی تعین جمعرات کو بھارت اور افغانستان کے میچ سے ہوگا، سردست گرین شرٹس نے 3 میچز میں 4 پوائنٹس کی بدولت گروپ میں دوسری پوزیشن سنبھال لی، بھارت 2میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے رہا، افغان ٹیم بھی کامیابی کے ساتھ بہتر رن ریٹ بناکر فائنل فور میں پہنچ سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان نے نیپال کو 9وکٹ سے آؤٹ کلاس کردیا، کپتان حماداعظم کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ سودمند رہا، نیپالی ٹیم اسپنرز رضا حسن اور عثمان قادر کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے چکرا گئی اور مقررہ 50 اوورز میں 156 رنز پر ہتھیار ڈال دیے، اوپنر سبھاش کھاکوریل 78 رنز کے سوا دیگر کوئی بیٹسمین ڈٹ کر نہیں کھیل سکا۔



سبھاش آؤٹ ہونے والے 7ویں پلیئر بنے، رضا حسن نے3اور عثمان قادر نے 2 وکٹیں لیں،بلاول بھٹی، حماداعظم، محمد نواز اور بابر اعظم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، گرین شرٹس نے ہدف 33.1 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا، بابر اعظم نے 100 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، حماداعظم 41 پر ناٹ آؤٹ رہے، عظیم گھمن 15 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، انھوں نے بابر کے ساتھ پہلی وکٹ کیلیے 66 رنز کی شراکت بنائی۔گروپ 'بی' میچ سری لنکا نے سنگاپور کو 13رنز سے مات دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

گروپ سے دوسری ٹیم کا تعین بنگلہ دیش اور یواے ای کے اختتامی لیگ میچ سے ہوگا، سری لنکن ٹیم 48.5 اوورز میں 191رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،ادارا جے سوریا نے 72 کی اننگزکھیلی، محمد شعیب نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سنگاپور کی ٹیم5وکٹ پر 178رنز بنا سکی، انیش پارام 62 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔