محکمہ موسمیات نے کراچی میں 4 مئی تک غیر معمولی گرمی کی پیش گوئی کردی

موجودہ گرمی کی لہر کے دوران 2015 والی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ نہیں، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک May 02, 2019
کراچی میں یکم مئی 2019 کا گرم ترین دن تھا، محکمہ موسمیات. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے یکم مئی تا 4 مئی تک غیر معمولی گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، شہر قائد میں شروع ہونے والی ہیٹ ویو کی لہر نے لوگوں کو گھروں میں محصور کرکے رکھ دیا۔ بدھ کے روز شہرمیں 4 روزہ ہیٹ ویو کےآغاز کے ساتھ ہی غیرمعمولی حدت محسوس کی گئی، اورمحکمہ موسمیات نے کراچی میں یکم مئی 2019 کا گرم ترین دن قرار دیا، جس میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں 4 مئی تک غیر معمولی گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہیٹ ویو سینٹر سے جاری ویدر ایڈوائزری کے مطابق گرمی کی موجودہ غیر معمولی لہر 4 مئی تک برقرار رہے گی، تاہم موجودہ گرمی کی لہر کے دوران 2015 والی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔

کراچی میں بدھ کے روز ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے کے سبب دن کے وقت لو کےتھپیڑے چلتے رہے، سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں دن کے وقت مکمل طور پر منقطع رہیں جب کہ بلوچستان کی شمال مغربی سمت سے چلنے والی صحرائی گردآلود ہواؤں کے سبب حد نگاہ بھی متاثرہوئی۔

ہیٹ ویو کے سبب ہواوں کی سمت تبدیل ہونے اور سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی، تاہم شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں جذوی طورپر چند گھنٹوں کے لیے بحال ہوئیں جو رات کو ایک مرتبہ پھر معطل ہوگئیں، ہیٹ ویو کے پہلے روز ہوا میں نمی کاتناسب غیر معمولی طورپر کم صرف 20 فیصد رہا، جس کی وجہ سے دن کے وقت درجہ حرارت بڑھنے کے باوجود بہت شدید نوعیت کی حدت محسوس نہیں ہوئی۔