پولیس ایوارڈ تقریب میں شہید کی والدہ زمین پربیٹھ کرکھانا کھانے پر مجبور

ایڈیشنل آئی جی کی ہدایت پر خاتون ایس پی نے شہید کی والدہ سے معذرت کی


Staff Reporter May 04, 2019
ایڈیشنل آئی جی کی ہدایت پر خاتون ایس پی نے شہید کی والدہ سے معذرت کی۔ فوٹو: فائل

سوشل میڈیا پرپولیس ایوارڈ کی تقریب میں شہید اہلکار کی والدہ کے زمین پربیٹھ کر کھانے کی تصویر وائرل ہونے پر پولیس حکام کو بھی ہوش آگیا۔

یکم اپریل کوآرٹس کونسل میں پولیس ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے چینی قونصل خانے پر حملے میں شہید اہلکار اشرف کی والدہ کو بھی مدعو کیا گیاتقریب میں شہید پولیس اہلکار کی والدہ کو کھانے کے لیے کرسی نہیں مل سکی اور مجبورا انھیں زمین پر بیٹھ کر کھانا کھانا پڑا تھا،زمین پر بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے شہید کی والدہ کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس افسران کو بھی ہوش آگیا۔

ایس پی کلفٹن سہائے عزیز شہید سپاہی کے گھر پہنچ گئیں،ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے کہا کہ شہدائے پولیس کا احترام ہمارے دلوں میں ہے۔

ترجمان سندھ پولیس نے کہا ہے کہ یکم مئی کو آرٹس کونسل کی تقریب میں شہید کانسٹیبل محمداشرف کی والدہ کی فرش پر بیٹھ کرکھانا کھانے کے حوالے سے جوتصویر سوشل میڈیا پر آئی اس پرایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کی خصوصی ہدایت پرایس پی سہائے عزیز نے شہید کانسٹیبل کی والدہ اوربھائی سے ملاقات کی مذکورہ تصویرکی بابت دریافت کرنے پر شہید کانسٹیبل محمد اشرف کے بھائی نے بتایا کہ ان کی والدہ شوگراور بلڈپریشر کی مریضہ ہیں اوروہ کھڑے ہوکرکھانا نہیں کھاسکتی تھیں ہم بحیثیت شہید کی فیملی سندھ پولیس کے اقدامات سے مطمئن ہیں۔