پی پی رہنما کا حیدرآباد کی بحالی کیلیے پیکج کامطالبہ

عبدالقدیر ناغڑکا وزیر اعلی سندھ کو خط،شہر کی بدحالی کاجائزہ لینے کیلیے دورے کی اپیل


Numainda Express August 23, 2013
عبدالقدیر ناغڑ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ سندھ کا دوسرا بڑا اور خوبصورت شہر حیدرآبادتاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا اور موہن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے. فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما عبدالقدیر ناغڑ نے حیدرآباد کی زبوں حالی کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو ایک خط تحریر کیا ہے۔

جس میں انھیں شہرکا ہنگامی دورہ کرکے اس کی بحالی کیلیے خصوصی پیکج دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عبدالقدیر ناغڑ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ سندھ کا دوسرا بڑا اور خوبصورت شہر حیدرآبادتاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا اور موہن جو دڑو کا منظر پیش کر رہا ہے، شہر بھر میں سیوریج سسٹم بالکل ناکارہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد عیدالفطرکی نمازتک ادانہیں کرسکے اورآج بھی ہزاروں ٹن کچرا شہر کے اہم سڑکوں اور اندرون گلیوں میں پڑا ہوا ہے جس سے تعفن اٹھ رہا ہے،سیوریج کا پانی مسلسل جمع رہنے کی وجہ سے سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑھ چکے ہیں۔



انھوں نے کہا کہ شہر کی کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جہاں ٹریفک جام معمول نہ ہو کیونکہ ٹریفک سنگل یا توخراب ہوچکے ہیں یا پھر بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن چکا ہے۔ انھوں نے وزیراعلی سندھ سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد کی بحالی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔