اے پی این ایس کااخبارفروش فیڈریشن سے تعاون کافیصلہ

فیڈریشن اوراخباری صنعت ایک دوسرے کیلیے لازم وملزوم ہیں،ملکرآگے بڑھناہوگا،سرمدعلی


Numainda Express August 27, 2012
فیڈریشن اوراخباری صنعت ایک دوسرے کیلیے لازم وملزوم ہیں،ملکرآگے بڑھناہوگا،سرمدعلی

آل پاکستان نیوز پیپرزسوسائٹی (اے پی این ایس)نے ملک بھر کے اخبار فروشوں کی فلاح وبہبود اورخوشحالی کیلیے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کیساتھ تعاون کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ فیڈریشن اور اے پی این ایس باہمی اشتراک عمل سے اخباری صنعت کو درپیش چیلنجز کامقابلہ کرکے ترقی کی نئی منزلیں طے کرسکیں، فیڈریشن اور اخباری صنعت ایک دوسرے کیلیے لازم و ملزوم ہیں مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

ان خیالات کااظہار اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی نے اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکریٹری جنرل ٹکا خان کی قیادت میںفیڈریشن کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اے پی این ایس کے سینئر نائب صدر مہتاب خان، نوائے وقت کے مشتاق گرمانی، ڈان کے طاہر اویس نے اجلاس میں اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی کی معاونت کی جبکہ اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکریٹری جنرل ٹکا خان کی معاونت صدر اخبار فروش یونین لاہور چوہدری محمد نذیر نائب صدر خیبر کے پی کے یوسف شاہ، بلوچستان سے یوسف بلوچ، صدر اخبار فروش یونین کراچی محمد اقبال نون، صدر اخبار فروش یونین راولپنڈی محمد عزیز ستی، صدر پشاور یونین عبدالحلیم خان، سیکریٹری جنرل راولپنڈی اخبار فروش یونین عقیل احمد عباسی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد آمین عباسی، صدر اسلام آباد اخبار فروش یونین چوہدری محمد شریف، جنرل سیکریٹری پشاور جعفر شاہ، جنرل سیکریٹری لاہور یاسین بابر، محمد الیاس ڈپٹی چیئرمین مجلس عاملہ پشاور محمد فیاض سمیت دیگر نے کی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے مرکزی رہنماؤں اور صوبائی قائدین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن نے اخبارات کی ترقی اور فروغ کیلیے ہر دور میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اخباری صنعت جب بھی بحران سے دوچار ہوئی فیڈریشن صنعت کے ساتھ کھڑی ہوئی اور باہمی اشتراک عمل کے ساتھ اخباری صنعت کو مسائل اور مشکلات سے نکال کر استحکام کی جانب گامزن کرنے میں فیڈریشن نے اپنا حق ادا کیا ہے جو ایک قابل ستائش روشن مثال کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے پرنٹ میڈیا کو ایک دوہرائے پر لاکھڑا کردیا گیا ہے۔

اخبارات کے سرکاری بزنس پر کٹ لگاکر وہ بزنس الیکٹرانک میڈیا کو دیا جارہا ہے جس کے باعث اخباری صنعت شدید مسائل اور مشکلات سے دوچار ہوکر رہ گئی ہے اور یہ صورتحال اخباری صنعت کیلیے ایک کڑا چیلنج بن چکی ہے اور اس چیلنج کا مقابلہ کرنے اور اخباری صنعت کو اس مشکل ترین صورتحال سے نکالنے کیلیے اخبار فروش فیڈریشن کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکریٹری جنرل ٹکا خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن 64 سال سے اخباری صنعت کے فروغ کیلیے کوشاں ہے اور ملک بھر کے اخبار فروش اخباری صنعت کی آبیاری میں مصروف عمل ہیں۔

اخباری صنعت کی ترقی اور فروغ سے اخبار فروشوں کا مستقبل بھی براہ راست وابستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اخبار فروش آندھی ہو یا طوفان، امن ہو یا جنگ، زلزلہ ہو یا سیلاب ہر کڑی آزمائش اور مشکل ترین حالات میں اخبارات قارئین تک پہنچاتا ہے اور ان کو حالات حاضرہ سے باخبر رکھتا ہے۔ اخبار فروش کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ میری طرح ہراخبار فروش کی خواہش ہوتی ہے کہ اخباری صنعت ترقی کی نئی منزلیں طے کرے۔ سیکریٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ اس وقت اخباری صنعت کو الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے جن مشکلات کا سامنا ہے اس سے ہماری فیڈریشن بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل سے نجات اور اخبارات کی سرکولیشن کے فروغ اور مؤثر ترسیل کے حوالے سے فیڈریشن ماضی کی طرح آج بھی اے پی این ایس کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور ہم نیک نیتی کے ساتھ اخباری صنعت کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کیلئے ہر سطح پر اپنا اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اے پی این ایس اس حوالے سے ہمارے ذمے جو بھی ٹاسک لگائے گی اس پر پورا اتریں گے۔ اخبارات ہم سے اور ہم اخبارات کے ساتھ ایک ایسے اٹوٹ رشتے میں جڑے ہوئے ہیں جو کسی قیمت ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوسکتے۔ اس موقع پر اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی، سینئر نائب صدر مہتاب خان نے اخبار فروش فیڈریشن کے رہنماؤں سے تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ اخباری صنعت کی ترقی کے لیے فیڈریشن کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اخباری صنعت بھی اپنے اخبار فروش بھائیوں کی فلاح و بہبود، ترقی و خوشحالی کیلیے ان کے شانہ بشانہ ہے۔