دل کی بیماری اب امیروں کا نہیں غریبوں کا مسئلہ ہے ماہرین طب

غریبوں کو شعور نہ ہونے کی وجہ سے دل کی بیماریوں کا ہروقت خطرہ رہتا ہے، ڈاکٹر سارہ سعید،ڈاکٹر فیروز میمن


Staff Reporter May 10, 2019
ڈاکٹرز خواتین کو بیماریوںسے متعلق آگاہ کرنے کیلیے تیار، کارڈیک سوسائٹی اور صحت کہانی میں معاہدہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر فیروز میمن نے کہا ہے کہ دنیا کے دیگر خطوں میں ہارٹ اٹیک 40 اور 50 سال کی عمر میں ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں آج کل 20 اور 30 سال کے نوجوان دل کے دوروں کی وجہ سے کم عمری میں انتقال کر جاتے ہیں۔

صحت کہانی کی چیف ایگزیکٹوو آفیسر ڈاکٹر سارہ سعید کے ساتھ ہونے والے مفاہتی یاداشت پر دستخط کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بچوں میں ہائی بلڈ پریشر اور ذیابطیس کی مرض کی شرح بھی بڑھتی جارہی ہے۔ تقریب میں پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر فیروز میمن، صحت کہانی کی چیف ایگزیکٹوو آفیسر ڈاکٹر سارہ سعید، جنرل سیکریٹری پروفیسر اشتیاق رسول اور دیگر نے شرکت کی۔

پاکستان کارڈیک سوسائٹی اور صحت کہانی کے مابین ہونے والے معاہدے کے تحت صحت کہانی سے وابستہ خواتین ڈاکٹرزکم آمدنی والے علاقوں کی خواتین کو بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور دل کی بیماریوں کے خطرات سے آگہی فراہم کریں گی، پاکستان کارڈیک سوسائٹی سے وابستہ ماہرین ان علاقوں میں جا کرمریضوں کو مفت مشورے اور علاج فراہم کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سارہ سعید نے کہا کہ دل کی بیماری اب امیروں کا نہیں غریبوں کا مسئلہ ہے،کیوں کہ امیر اور تعلیم یافتہ طبقے میں شعور اور وسائل کی وجہ سے اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکتے ہیں،غریبوں کو شعور نہ ہونے کی وجہ سے دل کی بیماریاں کا ہر وقت خطرہ رہتا ہے۔

پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت صحت کہانی سے وابستہ خواتین ڈاکٹرز غریب علاقوں کی خواتین کو بلڈ پریشر، کولیسٹرول،موٹاپے، غیر صحت مندانہ زندگی اور دیگر رسک فیکٹرز کے حوالے سے آگاہی دیں گی۔