اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان

لندن میں خام تیل مہنگا،نیویارک میں سستاہوگیا،سونے کی قیمت29 ڈالرفی اونس بڑھی


AFP August 25, 2013
چاندی وپلاٹینم کے نرخ میں اضافہ،پلاڈیم کے دام گرگئے،بیشترصنعتی دھاتوں کے ریٹ کم. فوٹو: فائل

WASHINGTON: اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا، خام تیل کی عالمی قیمتیں لندن میں بڑھیں اور نیویارک میں کم ہوگئیں۔

ایک ہفتے میں لندن انٹرکانٹینیٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی اکتوبر میں فراہمی کیلیے قیمت 1.06 ڈالر کے اضافے سے 111.07 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی ستمبر میں ترسیل کیلیے قیمت 1.39ڈالر کی کمی سے 106.42 ڈالر فی بیرل ہوگئی جو ایک ہفتے قبل 107.59ڈالر تھی۔ قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے نمایاں اضافہ ہوا، لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 29 ڈالر کے اضافے سے 1398 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی قیمت 22.83 ڈالر سے بڑھ کر 23.06 ڈالر فی اونس ہوگئی۔



پلاٹینم کی قیمت 1524 ڈالر سے بڑھ کر 1538 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 762 ڈالر سے کم ہو کر 752 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ بنیادی یا صنعتی دھاتوں میں سے بیشتر کی قیمتوں میں کمی ہوئی، تانبے کی قیمت 7381 ڈالر سے گھٹ کر 7335 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 1927 ڈالر سے 1885 ڈالرفی ٹن، لیڈ20 ڈالر کی کمی سے 2214 ڈالرفی ٹن، ٹین کی قیمت 119ڈالر اضافے سے 21919 ڈالر فی ٹن، نکل کی قیمت 14805 سے گھٹ کر 14525ڈالر فی ٹن، جست کی قیمت 1991 سے کم ہو کر 1971 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی، خام چینی کی قیمت 17.23سے گھٹ کر 16.34 سینٹ فی پاؤنڈ جبکہ سفید چینی کی قیمت 507 ڈالر سے کم ہوکر 482.90 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔