بھارت نے 13 پاکستانی قیدی رہا کردیئے

 منگل 14 مئ 2019
بھارت سے رہائی پاکرآنے والے ماہی گیروں کو کراچی بھیجا جائے گا فوٹو: ایکسپریس

بھارت سے رہائی پاکرآنے والے ماہی گیروں کو کراچی بھیجا جائے گا فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: پاکستان کی طرف سے بھارتی قیدیوں کی رہائی کے جواب میں بھارت نے بھی سزائیں مکمل کرنے والے 13 پاکستانیوں کو رہا کردیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ ماہ خیر سگالی کے طور پر مختلف مراحل میں 360 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا تھا جس کے جواب میں اب بھارت نے بھی سزائیں مکمل کرنے والے 13 پاکستانی شہریوں کو رہا کیا ہے۔ بھارت سے رہائی پانے والوں میں 9 سویلین جب کہ 4 ماہی گیرشامل ہیں۔ ان قیدیوں کو بھارت کی مختلف جیلوں سے رہا کیا گیا ہے۔

بھارت سے رہائی پاکر آنے والے پاکستانیوں نے جیسے ہی بین الاقوامی سرحد عبور کی وہ اپنے وطن کی مٹی پر سجدہ ریز ہوگئے۔ ان میں 3 قیدی ایسے ہیں جن کو بھارت میں ویزا کی معیاد ختم ہونے کے باوجود قیام کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان تینوں کے پاکستانی پاسپورٹ ابھی کارآمد تھے جس کی وجہ سے انہیں عارضی سفری دستاویزات نہیں دی گئی ہیں۔

پاکستانی قیدیوں کی رہائی میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے اہم کردار ادا کیا ہے، ان قیدیوں کو بھارتی حکام نے اٹاری بارڈر پر پاکستانی سفارتخانے کے حکام کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان لایاگیا۔

بھارت سے رہائی پاکرآنے والے ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے کراچی بھیجا جائے گا۔

بھارت سے رہائی پاکرآنیوالے قیدی خاصے خوش دکھائی دے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے، انہیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں رہائی نصیب ہوئی ہے اوراب عید اپنے خاندان کے ساتھ مناسکیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔