نواز شریف کی پارٹی رہنماؤں کو عید کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعرات 16 مئ 2019
مسلم لیگ (ن) اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی، نواز شریف فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی، نواز شریف فوٹو: فائل

 لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو بےروزگاری ، ایمنسٹی اسکیم اور مہنگائی پر حکومت کے خلاف احتجاج کی ہدایت کردی ہے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف سے پارٹی کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والے رہنماؤں میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال ،خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر، طلال چوہدری، سائرہ افضل تارڑ اور عباس آفریدی شامل تھے۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا، جس پر نواز شریف نے جواب میں کہا کہ کہ الحمداللہ ٹھیک ہوں اور روزے بھی اچھے جارہے ہیں۔

نوازشریف نے جیل واپسی پر لاہور کی تاریخی ریلی پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور نئے پارٹی عہدیداران کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ملکی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو عوام رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عوام پریشان ہیں اور ہمیں عوام کی آواز بننا ہے، اخبارات میں مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کا پڑھ کر بہت پریشان ہوتا ہوں، آئی ایم ایف پیکیج کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے تھا، کسان اس مہنگائی میں پس چکا ہے، پیٹرول ،ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکومت نے عوام کے ساتھ جو رویہ اپنایاہے وہ کسی صورت قبول نہیں، مسلم لیگ (ن) اب مہنگائی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ ڈالر کی بڑھتی قیمت، بےروزگاری ، ایمنسٹی اسکیم اور مہنگائی کے خلاف عید الفطر کے بعد بھرپور تحریک کا آغاز کرے گی، نواز شریف نے پارٹی کو احتجاج کی اجازت بھی دے دی ہے تاہم احتجاج کس نوعیت کا ہوگا، اس حوالے سے آئندہ ملاقات میں نوازشریف کو بریفنگ دی جائے گی۔ نوازشریف نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے خلاف لائحہ عمل بنائیں، شاہد خاقان عباسی مرکزی اور صوبوں میں پارٹی میٹنگز بلائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔