چین نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے 15 لاکھ ڈالر کی رقم پاکستان کے حوالے کردی

چینی حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، چینی سفیر


ویب ڈیسک August 26, 2013
چینی حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، چینی سفیر فوٹو: اے پی پی

چین نے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے 15 لاکھ ڈالر کی رقم پاکستان کے حوالے کردی ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب میں چین کے سفیر نے امدادی رقم پاکستانی حکام کے حوالے کی، سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نرگس سیٹھی اور چینی سفیر نے امداد کی دستاویز پر دستخط کئے، اس موقع پر چین کے سفیر نے کہا کہ چینی حکومت حالات کا بغور جائزہ لے رہی ہے، چینی حکومت سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر نرگس سیٹھی نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت چین کے ساتھ دو طرفہ اور دوستانہ تعلقات کومزید بہتر بنانے کی پالیسی پر قائم ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کے دوران سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں اب تک 14 لاکھ 19 ہزار 569 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 169 افراد جاں بحق اور 855 زخمی ہوئے، 8 لاکھ 26 ہزار871 سے زائد ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں اور 20 ہزار 46 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 25 ہزار 573 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 5 ہزار 439 گاؤں متاثرہوئے۔