فلسطین نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 3 شہریوں کی ہلاکت کے بعد امن مذاکرات منسوخ کردیئے

فلسطین اور اسرائیلی حکام کے درمیان امن مذاکرات آج جریکو میں ہونے تھے۔


AFP August 26, 2013
اسرائیلی فورسز نے پیر کی صبح قلندیہ میں قائم مہاجرین کیمپ پر فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا، فوٹو: اے ایف پی

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 شہریوں کی ہلاکت کے بعد فلسطین نے اسرائیل کے ساتھ طے شدہ امن مذاکرات منسوخ کر دیئے ہیں۔

ایک فلسطینی اہلکار نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے درمیان امن مذاکرات آج جریکو میں ہونے تھے تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے قلندیہ میں قائم مہاجرین کے ایک کیمپ پر حملہ کرکے 3 فلسطینی نوجوانوں کو ہلاک کرنے کے بعد انہیں منسوخ کردیا گیا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے ترجمان نے قلندیہ میں پیش آنے والا واقعے کو اسرائیل کی اصل سوچ کی عکاسی قرار دیتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا ہے وہ امن کی کوششوں کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فوج نے ایک مبینہ دہشتگرد کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تاہم اس دوران ایک بڑے ہجوم کی جانب سے فوجیوں پر پتھراؤ کیا گیا اور پیٹرول بم بھی پھینکے گئے، فوج کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی۔

واضح رہے کہ پیر کوعلی الصبح فلسطین کے علاقے قلندیہ میں قائم مہاجرین کے ایک کیمپ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے 3 نیہتے فلسطینی شہری 30 سالھ ربین عبید، 22 سالہ یونس جاہ جوہ اور 20 سالہ جہاد ارسلان جاں بحق جب کہ 19 افراد کو زخمی کردیا تھا۔