سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نہ ملنے پر (ن) لیگ کا اظہار افسوس

اسٹاف رپورٹر  اتوار 19 مئ 2019
عمران صاحب جھوٹ بولنا اور بہتان لگانا چھوڑ دیں ملک کی آدھی مشکلات کم ہو جائیں گی، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

عمران صاحب جھوٹ بولنا اور بہتان لگانا چھوڑ دیں ملک کی آدھی مشکلات کم ہو جائیں گی، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نہ ملنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سمندر سے تیل کے ذخائر نہ ملنے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہیں اور مسلم لیگ (ن) کو دلی رنج اور افسوس ہوا کہ تیل کا ذخیرہ نہیں مل سکا کیونکہ پاکستان کی معیشت، روزگار اور اچھے مستقبل کے خواب اس منصوبے سے جڑے تھے اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دور میں ملک وقوم کے روشن مستقبل کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا تھا۔ نواز شریف نے جس منصوبے پہ ہاتھ رکھا، اللہ تعالیٰ کی برکت سے پورا ہوا، کیونکہ وہ سچ بولتے ہیں اور نیت صاف ہے جبکہ عمران صاحب ملک وقوم کے لئے بری خبر ہیں کیونکہ جب سے ان کے آنے کی خبر آئی ہے ملک کے لئے کوئی اچھی خبر نہیں آئی۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ عمران صاحب جھوٹ بولنا، تہمت اور بہتان لگانا چھوڑ دیں ملک کی آدھی مشکلات کم ہو جائیں گی، جھوٹ بولنے والے کو اللہ تعالی کبھی کامیابی نہیں دیتا کیونکہ اللہ تعالی جھوٹ کو پسند نہیں کرتا اسی لئے عمران صاحب آپ کے جھوٹ کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور جھوٹ سے ملک پر مسلط ہونے والے جھوٹوں کے آنے سے ملک سے برکت اٹھ گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔