کرکٹ وشوبزستاروں کا معصوم ’فرشتہ‘ کے قاتل کوعبرتناک سزادینے کا مطالبہ

زنیرہ ضیاء  بدھ 22 مئ 2019
درندہ صفت قاتلوں نے بچی کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی بلکہ شدید  تشدد کا نشانہ بناکر بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا فوٹوفائل

درندہ صفت قاتلوں نے بچی کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی بلکہ شدید تشدد کا نشانہ بناکر بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا فوٹوفائل

وفاقی دارالحکومت میں معصوم فرشتہ کے ساتھ زیادتی اوربہیمانہ تشدد کے بعد قتل کے واقعے نے پورے ملک سمیت شوبزوکرکٹ ستاروں کو بھی آبدیدہ کردیا ہے۔

15 مئی کوچک شہزاد سے لاپتہ ہونے والی 10 سالہ معصوم فرشتہ کی تشدد زدہ لاش گزشتہ روز اسلام آباد میں جنگل سے برآمد ہوئی۔ درندہ صفت قاتلوں نے بچی کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی بلکہ شدید  تشدد کا نشانہ بناکر بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا۔ زینب کے بعد ایک اور حواکی بیٹی کی زخموں سے چور لاش دیکھ کر نہ صرف فرشتہ کے والدین بلکہ پورے ملک پرسکتہ طاری ہوگیا۔ شوبز و کرکٹ ستاروں نے بھی فرشتہ کے ساتھ ہوئی زیادتی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسلام آباد میں 10 سالہ بچی فرشتہ زیادتی کے بعد قتل

گلوکاروسیاستدان جواد احمد نے معصوم فرشتہ کے ساتھ ہوئی زیادتی وقتل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا میں لاہور میں رہتا ہوں لیکن میرا تعلق پاکستان کے ہر صوبے سے ہے۔ میرا دل خیبرپختونخواہ اورفاٹا میں رہتا ہے۔ جواد احمد نے کہا کہ جس طرح میں نے زینب کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا تھا اسی طرح ننھی فرشتہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتا ہوں۔ بچیوں کے ساتھ زیادتی ناقابل یقین ہے۔ فرشتہ کی تصویر نے میرادل خون کردیا ہے۔ فرشتہ کے گنہگاروں کو گرفتار کرکے انہیں سخت سے سخت سزادی جائے۔

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے معصوم فرشتہ کے ساتھ زیادتی و قتل پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں درندوں کو لگام دینے کی ضرورت ہے۔ ایک کے بعد ایک کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے واقعات سامنے آرہے ہیں، اس سلسلے میں قوانین سخت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان درندوں کو عبرت کا نشان بنایاجاسکے۔ خدارا کچھ کریں!!

نامور اداکار فیصل قریشی نے شاہد آفریدی کا یہی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اورننھی فرشتہ کے لیےانصاف کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے فرشتہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ ننھی فرشتہ کی تشدد زدہ لاش کی تصویر کو شیئر کرنا بند کریں۔

اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی نےقرآن کی ایک آیت کا ترجمہ شیئر کیا جس میں زمین میں فساد پھیلانے والوں کے لیے دردناک سزاکا ذکر کیا گیا ہے۔ اس آیت کا حوالہ دیتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے ننھی فرشتہ کے قاتل کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔