خاصہ دار فورس اور لیویز کا پہلا بیج جدید تربیت کے لئے روانہ

کرائم رپورٹر  بدھ 22 مئ 2019
ضلع خیبرسے تعلق رکھنے والے پولیس جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کے لئے نوشہرہ روانہ کردیا گیا ہے فوٹو: ایکسپریس

ضلع خیبرسے تعلق رکھنے والے پولیس جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کے لئے نوشہرہ روانہ کردیا گیا ہے فوٹو: ایکسپریس

پشاور: خیبر پختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کے خاصہ دار فورس اور لیویز اہلکاروں کی پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی تربیت کا آغاز ہو گیا ہے۔

ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے پولیس جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کے لئے نوشہرہ روانہ کردیا گیا ہے، ابتدائی طور پر محکمہ پولیس میں ضم ہونے والے خاصہ دار فورس کے 26 جوانوں کو خصوصی ٹریننگ کے لئے منتخب کیا گیا ہے، محکمہ پولیس میں ضم ہونے کے بعد کسی بھی سابقہ خاصہ دار یا لیویز فورس کا پہلا بیج ہے جن کو خصوصی تربیت کے لئے منتخب کیا گیا، جوانوں کو پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ میں بم ریکانسز کورس کرایا جائے گا، محکمہ پولیس میں ضم ہونے کے بعد جوانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں جن سے بخوبی نبرد آزما ہونے کی خاطر جوانوں کو جدید تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان کے مطابق فاٹا انضمام کے بعد سابق خاصہ دار اور لیویز فورس کو بھی محکمہ پولیس میں ضم کیا گیا جن کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی خاطر ان کو جدید تربیت دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے،ابتدائی طور پر خصوصی کورس کرانے کی خاطر 26 جوانوں کو منتخب کیا گیا ہے جن کو پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ بھیج دیا گیا جہاں پر پولیس میں ضم ہونے والے اہلکاروں کو جدید بم ریکانسز کورس کرایا جائے گا،اسی طرح دیگر اہلکاروں کو بھی اس طرز کے جدید کورس کرائے جائیں گے جس سے پولیس اہلکاروں کے استعدد کار اور پیشہ ورانہ مہارت میں مزید اضافہ ہوگا۔

سی سی پی او قاضی جمیل الرحمان نے گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں جوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کی ہے ، اس موقع پر ڈی پی او ضلع خیبر محمد حسین بھی موجود تھے، سی سی پی او نے اس موقع پر ضم ہونے والے جوانوں کا جدید کورسز کے لئے منتخب ہونے کو تاریخی اقدام قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے جوانوں کو جدید کورسز کرانے کا مقصد وہاں امن و امان کے قیام اور جرائم کی سرکوبی کی خاطر جوانوں کے استعداد کار میں اضافہ اور ان کو جدید دور کے تقاضوں اور ضرورتوں کے مطابق ڈھالنا ہے، انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں جس کے بعد وہ ضلع کے مختلف مقامات پر اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے، انہوں نے تمام جوانوں کے عزم و حوصلے کا داد دیتے ہوئے جوانوں کو پوری توجہ اور انہماک سے تربیت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بعد ازاں پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ کے ڈائریکٹر نیاز محمد یوسفزئی نے نوشہرہ آمد پرجوانوں کا استقبال کیا، انہوں نے جوانوں سے فردا فردا مصافحہ کیا اور ان کو خیبر پختونخوا پولیس کے جدید اور بین الاقوامی معیار کے تربیتی مرکز آنے پر ان کو خوش آمدید کہا، جوانوں نے اسکول آمد کے بعد خیبر پختونخواہ پولیس کے شہیدوں جنہوں نے مختلف اضلاع میں بم ناکارہ کرنے کے دوران اپنی جانوں کی قربانی پیش کی تھی کے یادگار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے،اس موقع پر جوانوں کا عز م و حوصلہ دیدنی تھا۔

پولیس اسکول آف ایکسپلوزیو ہینڈلنگ نوشہرہ کے ڈائریکٹر نیاز محمد یوسفزئی نے واضح کیا ہے کہ جوانوں کو ابتدائی طور پر مختلف قسم بارودی مواد اور ان کو ناکارہ بنانے سے متعلق جدید ساز و سامان کے ذریعے تربیت دینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، واضح رہے کہ اسکول آمد اور تربیت شروع ہونے کے بعد جوانوں نے جلد از جلدجدید تربیت حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کرنے اور جدید تربیت سے آراستہ ہو کر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم ظاہر کیاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔