مکی آرتھر اور وہاب ریاض نے رنجش بھلا دی، نئے سفر کا آغاز

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 24 مئ 2019
پریکٹس سیشن میں کوچ نے پیسر پر خصوصی توجہ دی،اچھی بولنگ پر داد۔ فوٹو: فائل

پریکٹس سیشن میں کوچ نے پیسر پر خصوصی توجہ دی،اچھی بولنگ پر داد۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  مکی آرتھر اور وہاب ریاض نے ماضی کی رنجش بھلاکر نئے سفر کا آغاز کردیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے میچ میں پٹائی برداشت کرنے اور ان فٹ بھی ہوجانے والے وہاب ریاض ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے دل سے ایسے اترے کہ دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے، انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی بولنگ بے اثر نظر آئی تو ممکنہ 23کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی جگہ نہ بنا پانے والے وہاب ریاض کا اچانک بلاوا آگیا، پیسر کو میچ ونر نہ ہونے کے طعنے دینے والے مکی آرتھر نے ماضی میں جو کہا اس کو بھلاکر گذشتہ روز وہاب ریاض پر بھرپور توجہ دی۔

برسٹل میں ہونے والے پریکٹس سیشن کے آغاز میں ہیڈ کوچ نے آغاز میں پیسر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے حوصلہ بڑھایا،بعد ازاں نیٹ میں بھی ہر اچھی گیند پر سینئر بولر کو داد دیتے رہے، دیگر بولرز بھی ایکشن میں نظر آئے۔

پاکستانی فیلڈرز نے خامیاں دور کرنے کی خصوصی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،چھوٹے بیٹ کی مدد سے ایک سلیب پر اچھالی جانے والی تیز گیندوں کو کیچ کرنے کیلیے کھلاڑیوں کو میدان کے چاروں طرف گھمایا گیا،ڈائیو لگاتے ہوئے کی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی بھی ہوئی، بائونڈری کے قریب سے گیند اٹھاکر تھرو کرنے کی مشق کرائی گئی۔

بیٹسمینوں نے بھی تسلسل کے ساتھ اسٹروکس کھیلے،فخرزمان کی باہر جاتی گیندوں سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے وکٹ گنوانے کی عادت چھڑانے کیلیے کوچز نے اسٹک سے تھرو کی جانے والی تیز گیندوں پر پریکٹس کرائی، بابر اعظم، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بھی طویل سیشن کیے، پریس کانفرنس میں شرکت کیلیے لندن جانے والے کپتان سرفراز احمد ٹریننگ میں حصہ نہیں لے سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔