آصفہ بھٹو فریال تالپور اور قائم علی شاہ کا نصرت لوپ بند کا دورہ

سیلاب متاثرین سے ملاقات، ریلیف اور میڈیکل کیمپوں کا جائزہ لیا، متاثرہ افراد میں امداد تقسیم


Numainda Express August 28, 2013
لاڑکانہ: سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر آصفہ بھٹو اور فریال تالپور مستحق خواتین میں امدادی چیک تقسیم کررہی ہیں، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

صدر زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری اپنی پھوپھی رکن قومی اسمبلی فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علیشاہ کے ہمراہ نصرت لوپ بند پر پہنچیں اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ اریگیشن کے افسران کو صورتحال کنٹرول کرنے کی ہدایات دیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے بند کے قریب موجود دیہاتی خواتین اور بچوں سے ملاقات بھی کی جہاں خواتین نے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جس پر آصفہ بھٹو نے انھیں گلے لگا کر حوصلہ دیا، بی بی آصفہ، فریال تالپور اور قائم علی شاہ نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے شاہانی پتن کے علاقے میں قائم ریلیف اور میڈیکل کیمپس کا دورہ کرکے 150 سے زائد متاثرہ خاندانوں میں ایک ماہ کا راشن ،مچھردانیاں اور خیمے تقسیم کیے، رہنماؤں نے گڑھی خدا بخش بھٹو پہنچ کر شہید بینظیر بھٹو، ذوالفقار بھٹو سمیت دیگر شہدا کی مزارات پر حاضری دی۔



بعدازاں ایم این اے فریال تالپور نے نوڈیرو ہاؤس میں ضلع انتظامیہ اور ایری گیشن افسران سے بریفنگ بھی لی، جس میں نصرت لوپ بند کے علاوہ دیگر بندوں کی صورتحال خطرے سے باہر بتائی گئی ،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سندھ مسلسل 3 سال سے سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہے، پہلے بھی حکومت نے ہر ایک متاثرہ خاندان کو وطن کارڈ کے ذریعے بیس ہزار روپے دیے تھے اب بھی متاثرین کی مالی امداد کرینگے، انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔