جنت البقیع کا انہدام توہین اسلام ہےخانم زہرا نجفی

مجلس وحدت مسلمین خواتین کے تحت یوم انہدام جنت البقیع پر پریس کلب پر مظاہرہ


Staff Reporter August 28, 2012
اس موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے جنت البقیع کی ازسر نو تعمیر کا مطالبہ کیا. (فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس)

مختلف جماعتوں کے تحت پیر (8 شوال) کو یوم انہدام جنت البقیع منایا گیا، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے تحت پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل خانم زہرا نجفی نے کہا کہ آل سعود کی جانب سے جنت البقیع کا انہدام توہین اسلام اور توہین ثقافت ہے،8شوال کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ہم آل سعود کے گھنائونے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،

اس موقع پر سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے جنت البقیع کی ازسر نو تعمیر کا مطالبہ کیا، خانم زہرا نجفی نے کہا کہ دنیا میںکسی بھی ملک میں جائیں وہاں کی ثقافت اور ورثے کو یاد گار کے طور پر سنبھال کر رکھا جاتا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ پیغمبر اکرمؐ کی اولادوں، ازدواج اور معزز صحابہ کرام ؓ کے مزارات مقدسہ کو مسمار کردیا گیا، انھوں نے کہا کہ اگر جنت البقیع کو ازسرنو تعمیر نہ کیا گیا تو وہ دن دور نہیں جب دنیا بھر سے عاشقان محمد و آل محمدؑ سرزمین مدینہ منورہ پہنچ کر جنت البقیع کی ازسرنو تعمیر کا کام انجام دیں گے، انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ جنت البقیع کو ازسرنو تعمیر کرکے مسلم امہ کے زخموں پر مرہم رکھا جائے۔