اہلسنت قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک افسوس ناک ہے

مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا، اورنگزیب فاروقی


Staff Reporter August 28, 2012
مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا، اورنگزیب فاروقی فوٹو: ایکسپریس

حکومت کا اہلسنت قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک انتہائی افسوس ناک ہے، سندھ حکومت نے سکھر اور حیدرآباد جیل میں اہلسنت قیدیوں پر گونتاناموبے کی یادیں تازہ کردیں ،اہلسنت کے قیدیوں کو کچھ ہوا تو پھرعوام اہلسنت پر کنٹرول کی یقین دہانی نہیں کراسکتے، چیف جسٹس آف پاکستان معاملے پر سوموٹو ایکشن لیں،ان خیالات کا اظہار اہلسنت و الجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ اورنگزیب فاروقی نے مذہبی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے بعد مرکز اہلسنت سے جاری اعلامیے میں کیا۔

اجلاس میں تمام مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں سے مشاورت کے بعد31اگست بعد نماز جمعہ شام4بجے پریس کلب پر مظاہرے سے احتجاجی سلسلے کے آغازکا فیصلہ کیا گیا جس میں اہلسنت کی تمام نمائندہ جماعتوں کے رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے، انھوں نے کہاکہ جب تک اہلسنت کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج کا یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری رہے گا،

انھوں نے کہاکہ ملک میں قیدیوں کیلیے قانون موجود ہے جس کی سندھ حکومت نے دھجیاں بکھیر دیں، اہلسنت کے قیدیوں کو کراچی سینٹرل جیل سے اندرون سندھ جیلوں میں منتقل کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اورعزیز و اقارب سے ملاقات سے بھی محروم رکھا گیا۔