مالی سال201213ترسیلات زر15ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان

خلیجی ریاستوںمیںمقیم پاکستانیوں کی جانب سے موصولہ ترسیلات زر میں مسلسل ٹھوس اضافہ


Business Reporter August 28, 2012
خلیجی ریاستوںمیںمقیم پاکستانیوں کی جانب سے موصولہ ترسیلات زر میں مسلسل ٹھوس اضافہ،جی سی سی سے رواں مالی سال 10ارب ڈالرکی آمد متوقع۔ فوٹو: اےایف پی/ فائل

PESHAWAR: بیرون ملک سے ترسیلات زر کی آمد رواں مالی سال15ارب ڈالر تک پہنچ جائیگی، اس رقم میں خلیجی ریاستوں (جی سی سی ممالک) اور سعودی عرب سے بھیجی گئی رقوم کا شیئر سب سے زیادہ ہے،خلیجی ریاستوں میں 4ملین پاکستانی مقیم ہیں جو ہر سال بھاری مالیت کی ترسیلات پاکستان بھیجتے ہیں، گزشتہ مالی سال خلیجی ریاستوں سے ترسیلات کی آمد میں 22 فیصد تک اضافہ ہوا اور 8ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں جو اس سال موصول ہونے والی ترسیلات کا 61 فیصد ہیں۔

رواں سال بھی خلیجی ریاستوں سے ترسیلات کی آمد میں افزائش کی شرح برقرار ہے، خلیجی ریاستوں سے ترسیلات کی آمد ایک ارب ڈالر ماہانہ کی سطح عبور کرچکی ہے اور گزشتہ ماہ 1.2ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں جس کو دیکھتے ہوئے رواں مالی سال 10 ارب ڈالر تک ترسیلات کی آمد متوقع ہے، سال 2008سے اب تک ترسیلات کی آمد میں 100فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے، 2008میں ترسیلات کی مالیت 6.4 ارب ڈالر تھی جو مالی سال 2011-12تک بڑھ کر 13.18ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلیے رقوم وطن بھیجنے کیلیے بینکاری نظام میں کی گئی تبدیلیوں اور سہولتوں میں اضافے سے ترسیلات کی آمد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،

خلیجی ریاستوں اور سعودی عرب کے بعد برطانیہ سے سب سے زیادہ ترسیلات وطن بھیجی جارہی ہیں۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق 2011میں ترسیلات کے لحاظ سے پاکستان کا شمار دنیا کے پانچویں بڑے ملک کے طور پر کیا گیا اس سال بھارت میں 58ارب ڈالر، چین میں 57 ارب ڈالر، میکسکو میں 24ارب ڈالر اور فلپائن میں 23 ارب ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ترسیلات کی افزائش کی شرح تیز رہے گی جس سے 2014تک دنیا بھر میں بیرون ملک کام کرنیوالے افراد اپنے ملکوں کو مجموعی طور پر 593ارب ڈالر ارسال کریں گے جس میں 441 ارب ڈالر ترقی پذیر ممالک کے محنت کش اپنے ملکوں کو ارسال کریں گے۔